چودھری واجد علی
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے چکسواری
نیشنل بینک چکسواری برانچ کا گارڈ حوالدار(ر)محمد اصغراچانک حرکتِ قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کرگیا،مرحوم کی
میت اُن کے آبائی گاؤں گلپور میں روانہ کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک چکسواری برانچ کا گارڈ حوالدار(ر)محمد اصغر جو کافی عرصہ سے چکسواری برانچ میں تعینات تھا اور اپنی فرض شناسی اور پیشہ سے لگاؤ کی وجہ سے برانچ ملازمین کے ساتھ ساتھ عوام علاقہ میں بھی کافی مقبول تھا کو چند دنوں سے دل کا عارضہ تھا۔منگل کی صبح ناشتہ کرنے کے بعد محمد اصغر کو دل کے مقام پر شدید تکلیف ہوئی اور سردی کے باوجود پسینہ آنا شروع ہوگیا جس پر اُس کے ساتھ انہیں حمیدآبادکالونی کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں لے گئے مگر مرحوم وہاں پہنچنے کے چند منٹ بعد ہی زندگی کی بازی ہارگیا اور خالقِ حقیقی سے جاملا۔ڈاکٹرحضرات اور ساتھی اس اچانک موت کی وجہ حرکت قلب کا بندہونا بتاتے ہیں۔بعدازاں چند ساتھیوں کے ہمراہ اُن کے میت اُن کے آبائی گاؤں گلپورروانہ کردی گئی۔صبح صبح اس اُداس خبر کی وجہ سے پوراچکسواری سوگوارہوگیا۔
آزادکشمیر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کا اجلا س چوہدری پرویز کی صدارت میں منعقد ہوا
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے چکسواری
آزادکشمیر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع میرپور کا اہم اجلاس ضلعی صدر چوہدری پرویز شہزاد کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مرکزی صدر محمد رمضان چغتائی ، آزادکشمیر اخبار فروش یونین کے صدر سید شبیر گیلانی سابق ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق نیازی ضلعی سیکرٹری جنرل عمران بلال ، فیاض مغل ، چوہدری عبدالغفور، وقاص رشید مغل نے شرکت کی ۔ اجلاس میں یونین کے مرکزی انتخابات کے حوالے سے غور و خوض کرنے کے بعد مظفرآباد ، پونچھ ڈویژن کے سینئر ساتھیوں سے طویل مشاورت کے بعد مرکزی سیکرٹری جنرل کے عہدہ پر الیکشن لڑنے کیلئے میرپور سے ارشد محمودبٹ کو نامز دکیا گیا ۔ اس فیصلے کی تمام اراکین مجلس عاملہ نے مکمل تائید کی اور کہا کہ یونین کے مفاد میں مرکزی عہدیداران کا چناؤ کیاجائے مرکزی عہدیداران کے انتخاب میں ووٹ کا حق رکھنے والے الیکٹوریل کالج کے اراکین سے اپیل کی گئی کہ وہ 30-29 مارچ کو مرکزی کنونشن میں اپنی شرکت لازمی بنائیں ۔ اجلاس میں ارشد محمودبٹ ، منور اقبال رانجھا ،شبیر احمد چوہدری نے بطور مبصر شرکت کی ۔ اجلاس میں قائد ملت چوہدری نورحسین ،پی وائی او کے سابق چیئرمین ساجد بزمی ، خالد محمودانجم کے والد محترم ، امجد بیگ کے والد محترم اور پرویز شہزاد کی خالہ محترمہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ۔ مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔
سکندرحیات کی صدارت میں آزاد پریس کلب کا اجلاس منعقدہوا
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے چکسواری
آزادپریس کلب چکسواری کا اجلاس زیرصدارت بانی صدرسکندرحیات کالس منعقدہوا۔اجلاس میں سرپرستِ اعلیٰ مولانا حق نوازصدیقی،سینئر نائب صدرغلام فریدراجہ،نائب صدورخواجہ اشفاق انجم،مہربا ن حسین،چودھری تصورسجاول،واجد علی چودھری،سیکرٹری جنرل پروفیسرسیداعجازکاظمی سمیت تمام عہدیداران واراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں ایک قراردادکے ذریعے سکھرپریس کلب پر حملہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سینئر صحافی ابرارتنولی کے قتل میں ملوث افرادکو فی الفورگرفتارکرکے کڑی سزادی جائے اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر صحافی احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بانی صدرچودھری سکندرحیات کالس نے کہاکہ ہم سکھرپریس کلب سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور انصاف کے حصول کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جب تک صحافی ابرارتنولی کے قاتلوں کو قرارواقعی سزانہیں دی جاتی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔اجلاس میں صحافی ابرارتنولی کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول چکسواری میں نئی کلاسز کا آغاز
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے چکسواری
ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول چکسواری میں سالانہ امتحانات 2014ء کے نتائج کے بعد نئی کلاسز کا آغازہوگیاہے۔نئی کلاسز کاآغاز13مارچ سے ہوچکاہے اور باقاعدگی سے پڑھائی جاری ہے اور نرسری تامیٹرک تمام کلاسز میں داخلے بھی شروع ہیں۔یادرہے ریڈفاؤنڈیشن ہائی سکول چکسواری حلقہ چکسواری کی سطح پر پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ایک منفردمقام رکھتاہے اور نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم کی وجہ سے علاقہ چکسواری میں کافی مقبول ہے اور سیاسی وسماجی شخصیات اسے چکسواری کے بچو ں کیلئے نعمت تصورکرتے ہیں۔
شہناز اعجاز کی ریٹائرمنٹ کے موقع میں الوداعی تقریب کا انعقاد
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے چکسواری
بینظیر بھٹو شہید گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چکسواری میں ڈویژنل ڈائریکٹر محترمہ شہناز اعجاز صاحبہ کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ڈائریکٹر صاحبہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر محترم طاہر فاروق نے تقریب سے خطاب کیا۔انہوں نے ادارہ ہذا کے ضلع بھر میں ڈگری اور انٹر کے بہترین نتائج پرادارہ ہذا کی پرنسپل محترمہ سیدہ انجم فرزانہ بخاری صاحبہ اور جریدہ وغیرجریدہ سٹاف کی بھر پور کاوشوں کو سراہا اور ادارہ کی مجموعی کارکردگی کو مثالی قرار دیا ۔آخر میں پرنسپل ادارہ ہذاسیدہ انجم فرزانہ بخاری صاحبہ نے ڈویژنل ڈائریکٹر صاحبہ کی یاد گار اور مثالی کارکردگی پر انھیں دلی مبارک باد دی اور مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔