وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن اور سیاحت میں دلچسپی کے باعث پنجاب کی تین پہاڑی تحصیلوں مری، کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ کو ملا کر ایک نیا اور پرکشش سیاحتی مرکز وجود میں آیا۔ ناقدین کے مطابق اس سیاحتی مرکز کا شمار بہترین مراکز میں ہوگا۔ اس مرکز کا محور تحصیل کہوٹہ کی یونین کونسل نڑھ کا پہاڑی سلسلہ پنج پیر راکس ہے‘ یہ خوبصورت سلسلہ تحصیل کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کے سنگم میں واقع ہے اور دلچسپ بات یہ کہ اس میں پی پی 6اور پی پی 7 دونوں کے حلقے لگتے ہیں۔گویا اس میں ایم این اے صداقت علی عباسی، میجر ر لطاسب ستی اور راجہ صغیر احمد تینوں کے حلقہ جات موجود ہیں۔ اس ایریا کو ٹورسٹ پوائنٹ ڈیکلیئر کرانے میں سب کی کوششیں لائق تحسین ہیں اور علاقہ کی عوام ان کے مشکور ہیں۔چونکہ پنج پیر راکس کسی تعارف کا محتاج نہیں سوشل میڈیا پر اس کے چرچے پوری دنیا تک پھیل چکے ہیں۔ لیکن اس میں جو سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ سہولیات کا فقدان ہے‘یہاں سے سیاحوں کی استعمال شدہ چیزیں پھینکنے یا ٹھکانے لگانے کے لیے کوڑادان تک موجود نہیں رفع حاجت کے سلسلہ میں واش روم بھی نہیں اور بیٹھنے اٹھنے کے لئے کوئی مناسب انتظام نہیں اور نہ ہی سیاحوں کے لیے رہائش کا کوئی معقول بندوبست ہے۔میں ارباب اختیار اور مخیر حضرات سے درخواست گزار ہوں کہ آنے والے مہمانوں کے لیے بنیادی ضرورتوں کا ہونا ضروری ہے تاکہ اچھی سہولیات اور بہتر مہمان نوازی کی وجہ سے مزید لوگ ادھر راغب ہوں یہ سیاح لوگ بہترین سفیر ہوتے ہیں۔ میری تجویز ہے کہ علاقائی لوگوں کی ایک کمیٹی ہو جو سفارشات مرتب کر کے منتخب نمائندے سے کچھ فنڈز لے کر عارضی سہولیات کا بندوبست کرے چند گارڈ رکھے جائیں۔ جو سب لوگوں کو نہ صرف راستہ بتائیں بلکہ خطرات سے بھی آگاہ کریں نورآباد آبشار پر بھی کم از کم دو بندے رکھے جائیں جو آنے والوں کو خطرے سے آگاہ کریں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں بحثیت پاکستانی اپنے ملک میں سیاحت کو پروموٹ کرنے کے لیے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے چاہے وہ حکومت کسی بھی سیاسی جماعت کی ہو اور حکومت وقت کو چاہیے کہ اگر اس مقام پر سیاحتی پوائنٹ ڈیکلیئر کر دیا گیا تو یہاں کا انفراسٹرکچر بہتر بنائے یہاں پر پبلک واش رومز بنائے جائیں انفراسٹرکچر بہتر ہونے سے علاقہ کے نوجوان یہاں اپنا کاروبا کر سکیں گے اور علاقہ میں تعلیمی پسماندگی کا بھی خاتمہ ہو سکے گا۔آخر میں میری عوام الناس سے اپیل ہے کہ سیاحت کے لیے آئے ہوئے لوگوں کے ساتھ اچھا برتاؤ رکھیں آپ کی نوازش ہو گی۔
149