
گندھارا دھرتی کے نامور استاد، صدر دی فاؤنڈرز ایجوکیشن سوسائٹی عطاء الرحمٰن چودھری جو علم وادب کی آبیاری اور نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی وپزیرائی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں،
کی میزبانی میں ٹیکسلا کے معروف صحافی وکالم نگار رفاقت علی اعوان کا زیارات ہائے مقدسہ ایران، عراق اور شام کے سفرنامہ سفر عشق اور نزاکت علی مرزا کی
پوٹھوہاری نظموں اور غزلوں پر مشتمل کتاب سویل کی تقریب رونمائی آئی وی سکول گلشن انور واہ کینٹ میں منعقد کی گئی. ڈائریکٹر آئی وی سکولنگ سسٹم ملک مدثر اقبال نے ادب دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے
ہال کی سہولت فراہم کی. تقریب کے مہمان خصوصی سابق ممبر پنجاب اسمبلی عمار صدیق خان تھے جبکہ صدارت کے فرائض سیاح، سفرنامہ نگار، شہرہ آفاق کمنٹیٹر و سابق ڈائریکٹر پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ محمد توفیق نے ادا کیے
. نظامت کا فریضہ عطاء الرحمٰن چودھری نے بحسن وخوبی انجام دیا مقررین جن میں نامور محقق، شاعر، نقاد و خطاط اشفاق ہاشمی، راجہ اعجاز گوہر، ملک محمد امین، ملک آصف محمود، راجہ نور محمد نظامی، عباس مغل، جاوید مرزا، کیپٹن (ر) عمر فاروق، طالب انصاری اور مالک اشتر شامل تھے
،نے رفاقت علی اعوان کی کتاب سفر عشق پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کتاب پْر اثر ہے اور مصنف نے سفر زیارات ہائے مقدسہ میں مقدس ہستیوں کی سیرت نگاری کر کے اپنے کمال فن کا مظاہرہ کیا ہے جو کہ لائق تحسین ہے اور یہ کتاب مستقبل میں زیارات مقدسہ کا سفر کرنے والوں کی رہنمائی کرتی رہے گی. نزاکت علی مرزا کی پوٹھوہاری نظموں اور غزلوں پر مشتمل کتاب سویل کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے
مقررین نے اسے پوٹھوہاری ادب میں نیا، نمایاں اور منفرد اضافہ قرار دیا. بانی و سرپرست حلقہ سخن پوٹھوہار اشفاق ہاشمی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نزاکت علی مرزا اپنی قلبی واردات کو شعروں میں ڈھالنے کا سلیقہ بخوبی جانتا ہے
اور اس کی شاعری میں رشتے ناطے، رسم رواج، حسن جمال، نین نقش، دیہی زندگی کے رنگ، کھیت کھلیان، باغ بہاراں اور معرفت وہدایت کے مضامین بدرجہ اَتم ملیں گے. اس کی شاعری میں قاری کو مزاح کا رنگ بھی نظر آئے گا.
تقریب کے مہمان خصوصی سابق ممبر پنجاب اسمبلی عمار صدیق خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفر عشق میں مقدس ہستیوں کا ذکر خیر کر کے رفاقت علی اعوان نے اپنے لیے دنیا و آخرت کا بیش بہا خزینہ جمع کر لیا ہے جبکہ نزاکت علی مرزا کی سویل پوٹھوہاری ادب میں نئی صبح کی مانند ہے
کہ جس کی مہک سے خطہ پوٹھوہار تادیر مہکتا رہے گا. صدر تقریب معروف سیاح، مصنف، سفر نامہ نگار و سابق ڈائریکٹر پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ محمد توفیق نے رفاقت علی اعوان اور نزاکت علی مرزا کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سفر عشق زیارات مقدسہ کا احاطہ کرتی ہوئی
ایک ایسی کتاب ہے جس سے مذہبی رجحان کو تقویت ملتی ہے اور قاری کا زیارات مقدسہ کے حوالے سے ذوق و شوق بڑھ جاتا ہے جبکہ نزاکت علی مرزا ایک اچھے شاعر اور بہترین شخصیت کے مالک ہیں
ان کی شاعری روایت سے ہٹ کر حقیقت نگاری پر مبنی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی کتاب سویل بلاشبہ پوٹھوہاری علم و ادب میں اپنی ایک الگ شناخت برقرار رکھے گی
اور پوٹھوہاری ادب سے وابستہ افراد اس سے بھرپور استفادہ کریں گے آخر میں صاحبان کتاب رفاقت علی اعوان اور نزاکت علی مرزا نے شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا جبکہ نزاکت علی مرزا نے اپنا پوٹھوہاری کلام بھی سنایا