کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) دانگلی آزاد کشمیر کے قریب واقع پنجاب ہائی وے پٹرولنگ چیک پوسٹ شاہ خاکی کے انچارج سب انسپکٹر افضال بھٹی نے دورانِ ناکہ بندی موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث مجرم اشتہاری محمد لطیف سکنہ مظفر گڑھ کو گرفتار کر کے تھانہ کلر سیداں پولیس کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر افضال بھٹی اور اے ایس آئی جہانگیر افضل بھٹی معمول کی گشت پر تھے کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل سوار محمد لطیف کو مشتبہ جانتے ہوئے روک کر ایپ کے ذریعے چیک کیا گیا، تو معلوم ہوا کہ وہ مجرم اشتہاری ہے۔یاد رہے کہ ملزم محمد لطیف نے 16 مارچ 2025 کو غلام اصغر نامی شخص کا ایک لاکھ 34 ہزار روپے مالیت کا موٹر سائیکل چوری کیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ سٹی کوٹ ادو میں درج ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم ایک ریکارڈ یافتہ مجرم بتایا جاتا ہے۔