رسالپور کینٹ کے انجینئرنگ سینٹر میں 25 ویں نیشنل ووشو چیمپئن شپ 2025 کا انعقاد

کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) رسالپور کینٹ کے انجینئرنگ سینٹر میں 25 ویں نیشنل ووشو چیمپئن شپ 2025 کا انعقاد شاندار انداز میں ہوا، جس میں ملک بھر کے مختلف سرکاری و نجی اداروں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اس قومی مقابلے میں کلرسیداں کے باصلاحیت کھلاڑی وجاہت خالد نے پاکستان آرمی کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سیکنڈ پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنی ٹیم بلکہ اپنے علاقے کا نام بھی فخر سے بلند کیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ووشو چیمپئن شپ 2025 میں درجنوں ٹیموں نے حصہ لیا۔ مختلف کیٹیگریز میں ہونے والے سخت مقابلوں کے دوران وجاہت خالد نے بہترین فٹنس، رفتار اور مہارت کا مظاہرہ کیا، جس پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔ ان کی عمدہ پرفارمنس نے مقابلے کے ججز اور دیگر کھلاڑیوں پر گہرا اثر چھوڑا۔تقریبِ تقسیمِ انعامات کے موقع پر ڈائریکٹر ووشو فیڈریشن ملک افتخار، کرنل ذیشان اور میڈم امنرین نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر وجاہت خالد کو سلور میڈل اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔

وجاہت خالد نے گفتگو کے دوران اپنی کامیابی کو اپنے اساتذہ اور والدین کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور دعاؤں کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مقصد کھیل کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کر کے پاکستان آرمی اور اپنے علاقے کلرسیداں کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرنا ہے۔