جماعت اسلامی ہزارہ کا صوبائی شوریٰ اجلاس — کل پاکستان اجتماعِ عام لاہور میں بھرپور شرکت کا اعلان، “حقوقِ ہزارہ” مہم کا بھی اعلان

ایبٹ آباد (حسین معاویہ)جماعت اسلامی ہزارہ کی صوبائی شوریٰ کا ایک اہم اجلاس آج منعقد ہوا جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی صوبہ ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کی۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری جاوید اختر، نائب امراء، صوبائی شعبہ جات کے انچارج، امراء اضلاع اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں مرکزی ایجنڈے کے طور پر کل پاکستان اجتماعِ عام پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا جو کہ 21 سے 23 نومبر تک مینارِ پاکستان، لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں مختلف انتظامی و تنظیمی امور پر بریفنگ دی گئی اور طے پایا کہ صوبہ ہزارہ سے دس ہزار سے زائد افراد اس تاریخی اجتماع میں بھرپور شرکت کریں گے۔
امیر صوبہ عبدالرزاق عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کل پاکستان اجتماع عام جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ اجتماع صرف ایک اجتماع نہیں بلکہ نظامِ تبدیلی کی تیاری اور تربیت کا عملی مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس اجتماع کے ذریعے قوم کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ “بدل دو نظام” — ملک کے موجودہ ظالمانہ، کرپٹ اور ناانصافی پر مبنی نظام کو تبدیل کر کے ایک اسلامی، منصفانہ اور شفاف نظام نافذ کیا جائے، جو عوام کو حقیقی ریلیف دے اور پاکستان کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرے۔
انہوں نے کہا کہ اجتماع عام میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شریک ہوں گے جو عدل و انصاف، خودداری اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا عہد کریں گے۔
مزید برآں، اجلاس میں ہزارہ الیکٹرک کمپنی کے حوالے سے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ اس ادارے میں بھرتیوں کے دوران ہزارہ کے مقامی عوام کو نظر انداز کر کے دیگر صوبوں اور علاقوں سے افراد کو بھرتی کیا جا رہا ہے، جو کہ کھلی ناانصافی اور مقامی لوگوں کے حقوق پر ڈاکا ہے۔ جماعت اسلامی ہزارہ اس عمل کی سخت مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ بھرتیوں میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے۔
امیر صوبہ نے مزید کہا کہ اجتماع عام کے اختتام کے بعد “حقوقِ ہزارہ” کے لیے ایک منظم مہم کا آغاز کیا جائے گا تاکہ ہزارہ کے عوام کے سیاسی، معاشی، تعلیمی اور روزگار کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کو نئی جہت دی جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر شوریٰ نے عزم کیا کہ جماعت اسلامی ہزارہ کے کارکنان کل پاکستان اجتماع عام کو کامیاب بنانے کے لیے گھر گھر رابطہ مہم اور تنظیمی متحرک کردار ادا کریں گے، تاکہ ہزارہ بھر سے عوام اس تاریخی اجتماع میں شرکت کر کے اسلامی انقلاب اور نظامِ عدل کے قیام کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔