260

بیول میں ای نادرا سنٹر کا قیام،رہائشیوں کے لیے بڑی سہولت

کاشف حسین/خواہش اور کوشش کسی بھی کامیابی کی جانب بڑھتا ہوا پہلا زینہ ہے شرط لازم ہے کہ ارادے مضبوط ہوں،کیونکہ انسانی زندگی کی دشوار گزار راہوں پر تلاش و جستجو کا سفر بہت کٹھن ہوتا ہے۔لیکن نیک نیتی اور اخلاص انسان کے لیے راستوں کو آسان کرتا چلا جاتا ہے۔بیول کے نواحی علاقے سوہاوہ مزرا کے رہائشی کراچی کے معروف ٹرانسپورٹر و سیاسی رہنماندیم آرائیں نے اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے بیول کے شیخ عبدالواحد پلازہ میں نادرا ای سینٹر کا منصوبہ مکمل کیا۔پنڈی پوسٹ سے بات چیت کرتے ہوئے ندیم آرائیں کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ پچاس برسوں سے کراچی میں کاروبار کر رہے ہیں اور ان کی پیدائش بھی کراچی کی ہی ہے۔لیکن ان کے آباؤاجداد بیول(سوہاوہ مرزا) سے تھے اس لیے ان کی خواہش تھی کہ اپنے کسی بیٹے کو اپنے آبائی علاقے میں سیٹ کیا جائے اور کوئی ایسا کام شروع کیا جائے جس سے علاقے کے لوگوں کو کچھ سہولیات میسر ہوسکیں۔ندیم آرائیں نے بتایا کہ انہوں نے 1987 میں بھی یہاں صابن کی چھوٹی فیکٹری لگانے کی کوشش کی جس سے یہاں کے لوگوں کو روزگار مل سکے تاہم اس وقت کے حالات کچھ ساز گار نہ تھے کافی سوچ بچار کے بعد انہوں نے اپنے بیٹے حمزہ ندیم آرائیں کو نادرا ای سینٹر بنا کر دینے کا ارادہ کیا جس کے لیے پہلے اسے کراچی میں نادرہ ای سینٹر بنا کر دیا تین سال کا تجربہ حاصل ہونے پر اسے بیول میں سینٹر بنا کردیا تاکہ اپنے لوگوں کو ریلیف مہیاکیا جاسکے۔ بیول میں بنائے جانے والے نادرا ای سینٹر کے قیام سے بیول اور گرد ونواح کے عوام کو اب گوجر خان‘کلر سیداں یا راولپنڈی جانے کی کوفت نہیں اُٹھانا پڑے گی۔اس سینٹر پر بائیو میٹرک شناختی کارڈ کی تصدیق‘ گمشدہ کارڈ کا دوبارہ اجراء‘ شناختی کارڈ کی تجدید اورسیز شناختی کارڈ‘فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ‘یونیورسٹی فیس کی ادائیگی‘ اسلحہ فیس کی ادائیگی اور تجدید‘یوٹیلٹی بلز کی وصولی‘بینظیر انکم سپورٹ کی ادائیگی‘انشورنس پالیسی اور مائیکروفنائس قرض کی ادائیگی‘اندرون ملک رقم بھجوانے اور وصول کرنے کی سہولت‘زمینوں کے فرد کا حصول‘گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس‘ٹرانسفر موٹر سائیکل‘ گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس‘پراپرٹی ٹیکس‘موٹیشن فیس‘ روٹ پرمٹ فیس‘ٹریفک چالان کی ادائیگی‘ائیر ٹکٹنگ‘ بس ٹکٹنگ‘ریلوے بکنگ‘ کلر پرئنٹگ کی سہولیات میسر ہوں گی ندیم آرائیں اپنے علاقے کو خدمات کی فراہمی پر بہت مسرور نظر آئے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے علاقے کے عوام کا مجھ پر بہت حق ہے ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے لوگوں کو بہترین سروس فراہم کریں۔نادرا ای سینٹر کے افتتاح کے موقع پر علاقے کے لوگوں کی کثیر تعداد کے علاوہ سابق مسلم لیگی ایم این اے وپارلیمانی سیکرٹری راجہ جاویداخلاص اور سابق مسلم لیگی ایم پی اے چوہدری افتخار وارثی مسلم لیگ تحصیل گوجر خان کے جنرل سیکرٹری چوہدری مزمل حسین‘لیگی رہنماء ملک فیاض سندھو‘پریس کلب بیول کے سرپرست اعلٰی چوہدری مظہر‘سینئر صحافی چوہدری اخلاق‘صدر پریس کلب چوہدری فراز خان‘مبین ہاشمی‘انجمن تاجران بیول کے صدر چوہدری ذوالفقار‘سینئر نائب صدر ملک بشیر وارثی نائب صدر چوہدری عمران سابق وائس چیئرمین یوسی بیول مرزا منیر بھی تقریب میں موجود تھے۔جبکہ تحریک انصاف کے ایم پی اے چوہدری جاوید کوثر بھی اس تقریب میں مدعو تھے جو لاہور میں ہونے کے باعث شرکت نہ کرسکے۔ندیم آرائیں کی جانب سے نادرا ای سینٹر کا قیام یقیناً علاقہ عوام کے لیے ایک تحفہ قرار دیا جاسکتا ہے جہاں بہت سے سہولیات ایک ہی جگہ میسر ہوں گی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں