بریڈ فورڈ:سردار عدنان زیب کی ٹیم نے والی بال ٹورنامنٹ جیت لیا

بریڈ فورڈ(اسپورٹس رپورٹر) کلرسیداں روڈ سردار مارکیٹ موہڑہ بھٹاں کے رہائشی اور حال مقیم انگلینڈ، سردار عدنان زیب کی قیادت میں بریڈ فورڈ والی بال کلب نے انگلینڈ میں ہونے والے والی بال ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق بریڈ فورڈ انگلینڈ میں منعقدہ اس والی بال ٹورنامنٹ کی میزبانی بریڈ فورڈ والی بال کلب نے کی، جس میں انگلینڈ کے بارہ بڑے شہروں کی ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل میچ بریڈ فورڈ کلب اور برمنگھم کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بریڈ فورڈ کلب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔

فاتح ٹیم کے کپتان سردار عدنان زیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک اور کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ٹورنامنٹ کے مہمانِ خصوصی لارڈ میئر بریڈ فورڈ محمد شفیق اور راجہ ناظم نے وننگ اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں اور انعامات سے نوازا۔

بریڈ فورڈ کلب کے کوچز چوہدری قمر سلطان، شیراز اور ممتاز نے اپنی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔شائقینِ کھیل نے ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے پر منتظمین کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں