کلرسیداں:اسکولوں میں فائر ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے موک ایکسرسائز کا فیصلہ

کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ)اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں کی زیر صدارت پبلک و پرائیویٹ اسکولوں میں فائر ایمرجنسی سے نمٹنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ریسکیو 1122 کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کسی بھی ممکنہ آتشزدگی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے Mock Exercises کے انعقاد پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو فائر ایمرجنسی کے دوران حفاظتی اقدامات، بروقت انخلا، ابتدائی امداد اور ریسکیو اداروں سے فوری رابطے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پبلک و پرائیویٹ اسکولوں میں عملی مشقوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ اور عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں گھبراہٹ کے بجائے منظم اور محفوظ انداز میں اقدامات کر سکیں۔

ریسکیو 1122 کے نمائندگان کی جانب سے فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کے حوالے سے ضروری رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ و اساتذہ کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور فائر ایمرجنسی سمیت دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری اور عملی تربیت انتہائی ضروری ہے۔