اسلام آباد( نمائندہ پنڈی پوسٹ) اسلام آباد بری امام کے علاقے میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا، جس کے دوران متعدد گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔مقامی افراد کی جانب سے مزاحمت پر صورتحال کشیدہ ہو گئی، جبکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی۔ عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔موقع پر پولیس، سی ڈی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔دوسری جانب مقامی افراد نے کارروائی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ علاقے میں کشیدگی تاحال برقرار ہے۔