بابا غلام بادشاہ نوتھیہ شریف کا سالانہ عرس اختتام پذیر، سہولیات کا فقدان، لاکھوں عقیدت مندوں کی آمد

شاہ باغ (راولپنڈی)
خطہ پوٹھوہار کی معروف روحانی ہستی حضرت بابا غلام بادشاہ نوتھیہ شریف کے سالانہ عرس کی دو روزہ تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔ عرس میں ملک بھر سے لاکھوں زائرین نے شرکت کی اور عقیدت کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق عرس کے موقع پر کروڑوں روپے کے نذرانے پیش کیے گئے، تاہم محکمہ اوقاف، حکومت پنجاب کی جانب سے زائرین کے لیے سہولیات کے فقدان پر زائرین میں شدید مایوسی دیکھنے میں آئی۔ انتظامی معاملات میں عدم دلچسپی اور سہولیات کی کمی پر شہریوں نے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

عرس کی مناسبت سے معروف سماجی شخصیت اور صدر پاکستان واپڈا ایمپلائز یونین ایسکو اسلام آباد، چوہدری ابرار حسین آف نوتھیہ شریف کی رہائش گاہ پر ایک پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقہ بھر کی سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

شرکاء میں سابق ممبر ضلع کونسل راولپنڈی و چیئرمین یوسی ہوتھلہ راجہ عامر مظہر، چیئرمین یوسی دکھالی راجہ شوکت محمود، وائس چیئرمین عبدالحمید مغل، چیئرمین یوسی غزن آباد طارق یاسین کیانی، نائب ناظم مداح حسین شاہ، صدر مسلم لیگ ن یوسی غزن آباد ماسٹر چوہدری عبدالمجید، سابق کونسلر چوہدری امیر قابل، صوبیدار امیر امجد، سابق کونسلر چوہدری فرزند علی، چیئرمین زکواة کمیٹی نوتھیہ وارڈ حاجی چوہدری عبدالرزاق، فوکل پرسن ستھرا پنجاب عاطف کیانی، نائب صدر لیبر ونگ یوسی غزن آباد راجہ عبدالطیف جنجوعہ، معروف صحافی کبیر جنجوعہ اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

چوہدری ابرار حسین نے تمام مہمانانِ گرامی کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عرس کو روحانی اجتماع قرار دیتے ہوئے عوام میں اخوت و محبت کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں