کہوٹہ: شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 سالہ بچی جاں بحق، ماں سمیت متعدد

کہوٹہ (نامہ نگار) — کہوٹہ سٹی میں شدید بارش کے باعث افسوسناک واقعہ، محلہ چاہات میں امجد المعروف “بھٹو” کے گھر کی چھت گرنے سے 2 سالہ معصوم بچی جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کی والدہ اور دیگر دو کمسن بچے زخمی ہو گئے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ ملبے تلے دبنے والوں کو نکالنے کے لیے فوری طور پر ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ ایس ایچ او کہوٹہ نے خود کارروائی کی نگرانی کی اور زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال کہوٹہ منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمی خاتون کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔

شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بارش نے تباہی مچا دی۔ مٹور چوک، ذبح خانہ چوک اور مچھلی چوک میں پانی جمع ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ کنگ بیکری اور دیگر کئی دکانوں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ کئی گاڑیاں سڑکوں پر بند ہو گئیں جبکہ گرڈ اسٹیشن کہوٹہ سے بجلی کی فراہمی کئی گھنٹوں سے معطل ہے۔

علاقہ مکینوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور انتظامیہ سے متاثرہ خاندان کی مالی امداد اور فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ مخیر حضرات سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں