سید کسراں میں غیر قانونی گیس ایجنسیوں کے خلاف کارروائی،متعدد سیل

گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ) اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کی جانب سے تحصیل بھر میں غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں سید کسراں کے علاقے میں غیر قانونی طور پر قائم گیس ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کی ہدایات پر انتظامی ٹیم نے سید کسراں میں قائم غیر قانونی گیس ایجنسیوں کا معائنہ کیا اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والی ایجنسیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں موقع پر ہی سیل کر دیا۔ اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی طور پر گیس کی خرید و فروخت کا سلسلہ روکنا اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی طور پر قائم گیس ایجنسیاں کسی بھی وقت حادثات کا سبب بن سکتی ہیں، جس سے نہ صرف متعلقہ کاروباری افراد بلکہ اردگرد رہائش پذیر شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ عوامی تحفظ، قانون کی بالادستی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کی نشاندہی کریں تاکہ انتظامیہ بروقت کارروائی کر سکے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.