علامہ اقبال کے اشعار میں صرف خواب نہیں، ایک پوری قوم کو بیدار کرنے کا عزم بھی موجود ہے

حمید علی

یہ کائنات ابھی ناتمام ہے شاید
کہ آ رہی ہے دما دم صدائے کن فیکون

بعض شخصیات تاریخ کے صفحات پر اپنا نام درج نہیں کرتیں بل کہ تاریخ کا رخ بدلنے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔ وہ اپنے عہد میں پیدا ضرور ہوتی ہیں مگر ان کی فکر آنے والی کئی نسلوں کے لیے چراغ راہ بن جاتی ہے۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بھی ایسی ہی غیر معمولی شخصیت تھے جنھوں نے لفظوں کو آواز اور خیال کو تحریک بنا دیا۔ ان کی شاعری میں صرف حسن و جمال کی داستانیں نہیں بل کے عروج و زوال کے اسباب بھی پوشیدہ ہیں۔

ان کے اشعار میں صرف خواب نہیں، ایک پوری قوم کو بیدار کرنے کا عزم بھی موجود ہے۔ 9 نومبر 2026ء کو انکی سالگرہ ہمیں ایک بار پھر اس عظیم مفکر کی زندگی اور افکار کی طرف متوجہ کرتی ہے جس نے غلامی کے دور میں آزادی کا تصور دیا اور مایوسی کے ماحول میں خود اعتمادی کا چراغ روشن کیا۔

سیالکوٹ کی سرزمین پر 9 نومبر 1877ء کو جنم لینے والے اس بچے کے بارے میں شاید کسی نے تصور بھی نہ کیا ہوگا کہ ایک دن اس کی آواز برصغیر کے مسلمانوں کے فکری مستقبل کی ترجمان بن جائے گی۔ ان کے والد شیخ نور محمد ایک درویش صفت اور مذہبی مزاج رکھنے والے انسان تھے۔

گھر کا ماحول سادگی اور روحانیت سے عبارت تھا۔ اقبال کی شخصیت کی تشکیل میں والد کی تربیت اور والدہ امام بی بی کی محبت کا گہرا اثر تھا۔ ان کی والدہ کی وفات نے ان کے حساس دل پر ایسا نقش چھوڑا کہ انھوں نے اپنی نظم والدہ مرحومہ کی یاد میں اپنے جذبات کو الفاظ کا لباس پہنایا۔

یہ پہلو اقبال کی شخصیت کا وہ نرم گوشہ سامنے لاتا ہے جو عموماً ان کے فلسفیانہ اور انقلابی تشخص کے پیچھے چھپ جاتا ہے۔ قوم کو خودی کا درس دینے والا یہ عظیم شاعر اپنی ماں کی محبت اور جدائی کے احساس سے بھی اسی شدت کے ساتھ وابستہ تھا جیسے کوئی عام انسان ہوتا ہے۔

اقبال کی زندگی کا ایک اہم موڑ ان کا یورپ کا سفر تھا۔ وہ 1905ء میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان گئے۔ کیمبرج یونیورسٹی میں فلسفے کا مطالعہ کیا اور بعد ازاں جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ مغربی معاشرے کی ترقی اور علمی وسعت نے انھیں متاثر ضرور کیا مگر اس تہذیب کے اندر موجود مادہ پرستی اور روحانی خلا نے انھیں کئی سوالات سے بھی دوچار کیا۔

انھوں نے مغرب سے علم حاصل کیا مگر اپنی فکری شناخت مغرب کے حوالے نہیں کی۔ وہ جان گئے تھے کہ ترقی صرف مادی وسائل کے حصول کا نام نہیں بل کہ اس کے لیے روحانی بالیدگی اور اخلاقی استحکام بھی ضروری ہے۔

یورپ میں قیام کے دوران ان کی فکر میں جو گہرائی پیدا ہوئی، اس نے ان کی شاعری کو محض جذباتی اظہار سے نکال کر ایک وسیع فلسفیانہ تحریک کی صورت دے دی۔

اقبال کی شخصیت کا ایک کم زیر بحث مگر نہایت اہم پہلو ان کی داخلی بے چینی تھی۔ وہ زندگی کو ایک طے شدہ حقیقت سمجھ کر قبول کرنے کے قائل نہیں تھے۔ ان کے ذہن میں مسلسل سوالات جنم لیتے تھے۔ انسان کی حقیقت کیا ہے۔ اس کی تخلیق کا مقصد کیا ہے۔ مسلمان زوال کا شکار کیوں ہوئے اور وہ اپنی کھوئی ہوئی عظمت کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔

یہی سوالات ان کی شاعری اور فلسفے کی بنیاد بنے۔ ان کی زندگی میں بھی ایسے ادوار آئے جب انھیں ذاتی اور فکری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر انھوں نے ان مشکلات کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیا۔ ان کے ہاں غم سے فرار نہیں بل کہ غم کو قوت میں تبدیل کرنے کا تصور ملتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ان کے اشعار میں ایک ایسا درد محسوس ہوتا ہے جو انسان کو توڑنے کے بجائے اسے اپنے اندر نئی طاقت تلاش کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔

اقبال کے فکری سفر میں مولانا جلال الدین رومی کی شخصیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ انھوں نے رومی کو اپنا روحانی مرشد تسلیم کیا اور ان کی مثنوی سے فکری رہ نمائی حاصل کی۔ اقبال کے نزدیک رومی محض ایک صوفی شاعر نہیں تھے بل کہ عشق اور حرکت کے اس فلسفے کے نمائندہ تھے جو انسان کو اپنی محدود ذات سے نکال کر کائنات کی وسعتوں سے روشناس کراتا ہے۔

اسی روحانی تعلق کا عکس ان کی فارسی مثنوی اسرار خودی اور رموز بے خودی میں نمایاں ہوتا ہے۔ ان کے نزدیک عشق عقل کا مخالف نہیں بل کہ اسے ایک اعلیٰ مقصد عطا کرنے والی قوت ہے۔ وہ انسان کو ایسی بصیرت دینا چاہتے تھے جس میں علم بھی ہو اور عمل بھی۔ عقل کی روشنی بھی ہو اور دل کی حرارت بھی۔

فلسفہ خودی اقبال کی فکر کا وہ روشن باب ہے جس نے انھیں دنیا کے عظیم مفکرین کی صف میں نمایاں مقام عطا کیا۔ خودی کا مطلب غرور یا تکبر نہیں بل کہ اپنی حقیقت اور صلاحیتوں کا شعور حاصل کرنا ہے۔ اقبال انسان کو یہ سمجھاتے ہیں کہ وہ حالات کا مجبور اور بے اختیار کردار نہیں۔ اس کے اندر ارادے کی قوت اور تخلیقی صلاحیت موجود ہے۔ وہ اپنی محنت اور کردار سے اپنی تقدیر کے راستے متعین کر سکتا ہے۔

خودی کی تعمیر کے لیے اقبال عشق اور اطاعت اور ضبط نفس کو بنیادی اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک مضبوط شخصیت وہ ہے جو خواہشات کی غلام نہ ہو بل کہ اپنے مقصد کی پابند ہو۔ یہی فلسفہ فرد کو خود اعتماد بناتا ہے اور اسے اجتماعی زندگی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔

اقبال کا شاہین بھی اسی خودی کا استعارہ ہے۔ وہ نوجوانوں کو ایسی بلند پرواز کا درس دیتے ہیں جس میں خود داری اور جرات اور آزادی فکر شامل ہو۔ شاہین کسی کے سہارے اپنی منزل تلاش نہیں کرتا۔ وہ اپنی قوت پر بھروسا کرتا ہے اور بلند فضاؤں میں اپنا راستہ بناتا ہے۔

اقبال کی خواہش تھی کہ مسلمان نوجوان بھی احساس کمتری اور ذہنی غلامی سے نکل کر علم و تحقیق اور کردار کی بلندی کو اپنا شعار بنائیں۔ ان کی نظم شکوہ اور جواب شکوہ ملت اسلامیہ کے زوال اور اس کی اصلاح کے حوالے سے ایک گہرا فکری مکالمہ ہے۔ اسی طرح بانگ درا اور بال جبریل اور ضرب کلیم میں انھوں نے مختلف انداز سے انسان اور معاشرے کو بیداری کا پیغام دیا۔

اقبال کی خدمات شاعری اور فلسفے تک محدود نہیں رہیں۔ انھوں نے مسلمانوں کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے بھی غیر معمولی بصیرت کا مظاہرہ کیا۔ 1930ء کے خطبہ الٰہ آباد میں انھوں نے شمال مغربی ہندوستان کے مسلم اکثریتی علاقوں کو ایک سیاسی وحدت کی صورت دینے کا تصور پیش کیا۔

ان کا خیال تھا کہ مسلمان اپنی تہذیبی اور مذہبی شناخت کے تحفظ کے لیے ایک ایسے سیاسی نظام کے مستحق ہیں جہاں انہیں اپنی اجتماعی زندگی تشکیل دینے کا اختیار حاصل ہو۔ یہی تصور آگے چل کر تحریک پاکستان کی فکری بنیادوں میں شامل ہوا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ ان کی خط و کتابت بھی اس حقیقت کی گواہ ہے کہ اقبال پاکستان کے تصور کو محض خواب نہیں سمجھتے تھے بل کہ اس کی عملی تعبیر کے لیے بھی فکرمند تھے۔

آج اقبال کی سالگرہ پر ان کی عظمت کے اعتراف کے ساتھ اپنے اجتماعی رویوں کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ ہم ان کے اشعار کو تقریبات میں پڑھتے ہیں اور ان کے نام پر محفلیں سجاتے ہیں مگر کیا ہماری عملی زندگی میں خودی اور خود داری کی کوئی جگہ ہے۔؟

کیا ہماری درس گاہیں تحقیق اور تخلیق کی آماج گاہیں بن رہی ہیں؟ کیا ہمارے نوجوان شاہین کی طرح بلند پروازی کا حوصلہ رکھتے ہیں؟ اقبال نے جس قوم کو خواب دکھایا تھا اسے علم اور کردار اور عمل کے ذریعے اس خواب کی تعبیر بھی تلاش کرنا تھی۔ محض اقبال کے اشعار یاد کر لینا اقبال کے افکار کو سمجھ لینے کے مترادف نہیں۔

21 اپریل 1938ء کو اقبال اس دنیا سے رخصت ہوگئے مگر ان کی فکر آج بھی زندہ ہے۔ ان کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ عظمت صرف غیر معمولی صلاحیتوں سے حاصل نہیں ہوتی بل کہ مسلسل جستجو اور مقصد سے وفاداری اور کردار کی مضبوطی بھی اس کے لیے ضروری ہے۔ اقبال کی اصل میراث ان کی کتابوں میں محفوظ الفاظ نہیں بل کہ وہ فکری روشنی ہے جو انسان کو اپنی ذات کی پہچان اور اپنی منزل کی تلاش کا حوصلہ دیتی ہے۔

وہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ قوموں کی تقدیر بدلنے کے لیے پہلے افراد کے اندر تبدیلی پیدا کرنا ضروری ہے۔ اقبال کو حقیقی خراج تحسین یہی ہے کہ ہم ان کے خوابوں کو محض اپنی تقریروں کا حصہ نہ بنائیں بل کہ انہیں اپنی زندگی کا مقصد بنائیں کیوں کہ اقبال صرف ماضی کی ایک عظیم شخصیت نہیں بل کہ وہ ایک ایسا سوال ہیں جس کا جواب ہماری آنے والی نسلوں کے کردار اور عمل میں پوشیدہ ہے۔