اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان کا ریونیو معاملات میں تیزی لانے کا حکم،زیرِ التواء کیسز ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت

گوجرخان(پنڈی پوسٹ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان کی زیرِ صدارت ریونیو افسران اور عملے کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریونیو امور کی پیش رفت، زیرِ التواء کیسز اور عوام کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق مختلف معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آر سی ایم ایس (RCMS) کیسز پر پیش رفت، نقشہ جم کی تکمیل اور کھاتہ جات و انتقالات سے متعلق مسائل زیرِ بحث آئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ افسران سے مختلف امور پر پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ریونیو معاملات کو مؤثر اور تیز رفتار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ زیرِ التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور کھاتہ جات و انتقالات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ریونیو امور میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کرنے اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ریونیو نظام میں بہتری، سرکاری امور کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کا فوری حل متعلقہ عملے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ شہریوں کو ریونیو سے متعلق معاملات میں سہولت فراہم کی جا سکے۔