روات کمسن بچے سے زیادتی کیس،دو ملزمان کی عبوری ضمانت خارج،ہائیکورٹ سے گرفتار

راولپنڈی(پنڈی پوسٹ نیوز)تھانہ روات کی حدود جھمٹ میں کمسن بچے سے مبینہ زیادتی کے مقدمہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کیس میں نامزد ملزمان محمد سجاد عرف بجلی اور محمد یاسر کی جانب سے دائر کی گئی عبوری درخواستِ ضمانت عدالت نے خارج کر دی، جس کے بعد دونوں ملزمان کو ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے قبل عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرنے کے لیے رجوع کیا تھا، تاہم سماعت کے دوران عدالت نے درخواستیں خارج کر دیں۔ درخواستیں خارج ہونے کے بعد متعلقہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو ہائیکورٹ کے احاطے سے اپنی تحویل میں لے لیا۔واقعہ تھانہ روات کے علاقے جھمٹ میں پیش آیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کی۔ ملزمان کی گرفتاری کو مقدمہ کی تفتیش میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔