کلر سیداں:دھی رانی پروگرام فیز 5،اسسٹنٹ کمشنر کی زیرصدارت ویری فیکیشن کمیٹی کا اجلاس

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کی زیرصدارت تحصیل ویری فیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے دھی رانی پروگرام فیز 5 کے تحت موصول ہونے والے درخواستوں اور کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران دھی رانی پروگرام کے لیے موصول ہونے والے کیسز کی جانچ پڑتال، درخواست گزاروں کی اہلیت اور فراہم کردہ کوائف کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزات کی بنیاد پر کیسز کی تصدیق کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری امور پر غور کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت موصول ہونے والے کیسز کی شفاف اور میرٹ پر جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے اور تمام اہل درخواست گزاروں کے کیسز مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ دھی رانی پروگرام کے ثمرات مستحق خاندانوں تک پہنچانے کے لیے تصدیقی عمل میں شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔