
چونترہ میں کرکٹ کی بحالی اور بہتری کے لیے اہم اجلاس، نوجوانوں کا مثبت اقدام
چونترہ: علاقے میں کرکٹ کے فروغ، بحالی اور بہتری کے لیے نوجوانوں کی جانب سے ایک اہم اور مثبت اقدام اٹھایا گیا، جس کے تحت مختلف کرکٹ ٹیموں کے اونرز، کپتانوں، اسپانسرز اور متعلقہ افراد کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد علاقے میں کرکٹ کو میرٹ، نظم و ضبط اور مثبت کھیلوں کی سرگرمیوں کے مطابق فروغ دینا تھا۔
اجلاس میں خصوصی طور پر وسیم مرزا، مدثر مرزا، نعیم مرزا اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا گیا جنہوں نے تمام ٹیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے کرکٹ کی بہتری کے لیے مؤثر مشاورت کا آغاز کیا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ علاقے میں کرکٹ کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔
اجلاس کے دوران کارڈ پلیئرز کو بین کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت سامنے آئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کھیل کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
شرکاء نے تمام اونرز، اسپانسرز، ٹیم کپتانوں اور ان افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مثبت اقدام میں تعاون کیا اور علاقے میں صحت مند کرکٹ کلچر کے فروغ کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
مزید برآں مختلف سماجی اور سپورٹس حلقوں کی جانب سے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ چونترہ میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے لیے یہ ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔