خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے، عبدالمجید مغل

کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ )کلرسیداںمسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات ٹریڈ ونگ کے صدر عبدالمجید مغل نے موجودہ علاقائی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کی پالیسی کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی طاقتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے ماحول میں پاکستان کا ذمہ دارانہ اور متوازن کردار قابل تحسین ہے۔عبدالمجید مغل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاک افواج کی قیادت نے مشکل حالات میں دانشمندانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے پاکستان کے قومی مفادات کا بھرپور تحفظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو کسی بھی تنازعے کے بجائے سفارتکاری، مذاکرات اور باہمی احترام پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ خطے کو مزید عدم استحکام سے بچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے اپنی افواج اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔عبدالمجید مغل نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر امن کے قیام، انسانی جانوں کے تحفظ اور خطے میں پائیدار استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان کا یہی تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار جاری رہے گا۔