کلرسیداں؛غیر قانونی سگریٹس فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی

کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ)کلرسیداں، چوکپنڈوڑی، شاہ باغ اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں غیر ملکی اور غیر قانونی سگریٹس کی کھلے عام فروخت جاری ہے جس کے باعث حکومت کو ماہانہ کروڑوں روپے کے ٹیکس کا نقصان ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق متعدد دکانوں اور اسٹالوں پر بغیر ٹیکس اسٹیمپ والے غیر ملکی برانڈز کے سگریٹس باآسانی دستیاب ہیں، مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی سگریٹس کی فروخت نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ نوجوان نسل میں تمباکو نوشی کے رجحان میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے فوری نوٹس لے کر غیر قانونی سگریٹس فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں تاکہ حکومتی ریونیو کے نقصان کو روکا جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر باقاعدہ چیکنگ اور کریک ڈاؤن کیا جائے تو اس غیر قانونی کاروبار کا باآسانی خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ کلرسیداں اور اس کے نواحی علاقوں میں خصوصی مہم چلا کر غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کو بند کروایا جائے۔