ساگری ( رپورٹ زاہد نقیبی و عرفان ملک) پنجاب حکومت کی جانب سے یونین کونسل ساگری میں عوام کو بہتر ماحول اور تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پبلک پارک کے قیام کا منصوبہ زیرِ تکمیل ہے۔ یہ پارک محلہ اعوان میں گورنمنٹ پرائمری سکول کے قریب واقع اس جگہ پر بنایا جا رہا ہے جو ماضی میں گندگی اور کچرے کی وجہ سے بدترین صورتحال اختیار کر چکی تھی۔
مقامی افراد کے مطابق مذکورہ مقام طویل عرصے سے کچرا کنڈی میں تبدیل ہو چکا تھا، جہاں سے اٹھنے والی بدبو نے گردونواح کی آبادی کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا تھا۔ اہلِ علاقہ کی جانب سے بارہا مطالبات اور اپیلوں کے بعد حکومت نے اس جگہ کو صاف کر کے یہاں پبلک پارک بنانے کا فیصلہ کیا، جسے عوام نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارک کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور موقع پر اس موقع پر حلقہ پٹواری سہیل، حلقہ گرداور راجہ بابر اشتیاق، نعمان ارشد وینس و دیگر متعلقہ عملہ اور پیرا فورس کے اہلکار موجود ہیں۔ اس کام کے لئے اسسٹنٹ کمشنر صدر حاکم خان کی خصوصی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔، تاکہ کام کو منظم اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر نے بھی موقع کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس مقام پر دو تاریخی مندر بھی موجود ہیں جو قیامِ پاکستان سے قبل ساگری میں رہائش پذیر ہندو برادری کی عبادت گاہیں تھیں۔ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ مندر اب کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پارک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ان تاریخی ورثے کی حفاظت اور بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ علاقے کی تاریخ کو محفوظ رکھا جا سکے۔
اہلِ علاقہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پارک کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ صاف ستھرا ماحول میسر آنے سے شہریوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔