حمید علی
پاکستان میں عوامی مسائل کے حل اور انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہتی ہیں۔ کبھی نئے صوبوں کے قیام کو مسائل کا حل قرار دیا جاتا ہے تو کبھی اختیارات کی تقسیم اور حکومتی اداروں کی تشکیلِ نو پر بحث شروع ہوجاتی ہے۔ تاہم ایک بنیادی سوال آج بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ عام شہری کو اس کے بنیادی حقوق اور ضروری سہولتیں اس کی اپنی دہلیز پر کب میسر آئیں گی؟ ایک غریب شخص کو اپنے محلے کی ٹوٹی سڑک، گندے پانی کی نکاسی، پینے کے صاف پانی اور گلیوں کی صفائی جیسے معمولی مسائل کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر کیوں لگانے پڑیں؟ اسے اپنے علاقے کی محرومیوں کے ازالے کے لیے کسی وزیر یا رکن اسمبلی کی سفارش کا محتاج کیوں ہونا چاہیے؟
درحقیقت ان تمام مسائل کا مستقل حل ایک ایسے بااختیار بلدیاتی نظام میں موجود ہے جو عوام کو اپنے معاملات خود چلانے کا اختیار دے۔جمہوریت کا حقیقی مفہوم صرف یہ نہیں کہ ہر چند سال بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات منعقد ہوجائیں۔ جمہوریت کی روح عوام کی شمولیت، مقامی نمائندگی اور فیصلہ سازی میں عام شہری کی شرکت سے عبارت ہے۔ جب تک اختیارات کا دائرہ گلی، محلے اور یونین کونسل تک نہیں پہنچتا اس وقت تک جمہوریت کے ثمرات معاشرے کے آخری فرد تک منتقل نہیں ہوسکتے۔ اسی تناظر میں بنیادی جمہوریت کا تصور بھی اہمیت رکھتا ہے جس کا مقصد مقامی سطح پر عوامی نمائندگی کے ذریعے انتظامی معاملات میں شہریوں کو شریک کرنا تھا۔
ایوب خان کے دور میں متعارف کرائے جانے والے بنیادی جمہوریت کے نظام کے سیاسی پہلوؤں سے اختلاف اپنی جگہ لیکن اس کے بنیادی تصور یعنی نچلی سطح پر نمائندگی اور مقامی مسائل کے حل کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسی تصور کو جدید جمہوری اصولوں کے مطابق ایک نئی شکل دی جائے جس میں عوامی اختیار، شفافیت، جواب دہی اور منتخب نمائندوں کی خودمختاری کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔ہمارے ہاں بدقسمتی سے بلدیاتی انتخابات کو کبھی حکومتی ترجیحات میں وہ مقام نہیں دیا گیا جس کے وہ مستحق ہیں۔
صوبائی حکومتیں اپنی سیاسی ضرورتوں کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کرتی ہیں اور اکثر اوقات مختلف حیلوں بہانوں سے انہیں مؤخر کردیا جاتا ہے۔ اس طرزِ عمل سے سب سے زیادہ متاثر وہ غریب شہری ہوتا ہے جس کے پاس نہ کسی بااثر شخصیت تک رسائی ہوتی ہے اور نہ ہی سرکاری اداروں میں اپنا مسئلہ حل کروانے کے وسائل۔ چناں چہ ضروری ہے کہ آئین میں متفقہ ترمیم کے ذریعے صوبائی حکومتوں کو پابند کیا جائے کہ بلدیاتی انتخابات مقررہ مدت کے اندر لازماً منعقد ہوں۔ کسی حکومت کو یہ اختیار حاصل نہ ہو کہ وہ اپنی سیاسی مصلحت کے تحت عوام کو ان کے مقامی نمائندوں سے محروم رکھے۔
انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کو آئینی تحفظ دینے کے بجائے بروقت انتخابات کو ایک لازمی آئینی تقاضا بنایا جائے۔بلدیاتی نظام کی کامیابی کا انحصار صرف انتخابات پر نہیں بل کہ اختیارات اور وسائل کی حقیقی منتقلی پر ہے۔ اگر منتخب نمائندے اپنے علاقے میں ایک گلی کی تعمیر یا نکاسی آب کا مسئلہ حل کروانے کے لیے بھی صوبائی حکومت کے محتاج رہیں تو ایسے نظام کو بااختیار کیسے کہا جاسکتا ہے؟ یونین کونسل کو انتظامی ڈھانچے کی بنیادی اکائی قرار دیتے ہوئے اسے مالی اور انتظامی خودمختاری دی جائے۔ تحصیل اور ضلع کی سطح پر بھی منتخب اداروں کو مناسب اختیارات تفویض کیے جائیں تاکہ مقامی ضروریات کے مطابق فیصلے کیے جاسکیں۔
ہر سطح کے نمائندوں کو ان کے دائرہ اختیار کے مطابق ترقیاتی وسائل فراہم کیے جائیں اور فنڈز کی فراہمی کسی سیاسی سفارش یا حکومتی پسند و ناپسند سے مشروط نہ ہو۔ایک مثالی بلدیاتی نظام میں عوام محض ووٹ ڈالنے والے افراد نہیں ہوتے بل کہ وہ مقامی ترقی کے عمل میں براہِ راست شریک ہوتے ہیں۔ یونین کونسل کی سطح پر باقاعدگی سے عوامی اجلاس منعقد کیے جائیں جہاں شہری اپنے مسائل اور تجاویز پیش کرسکیں۔ ترقیاتی اخراجات اور منصوبوں کی تفصیلات عام شہریوں کی دسترس میں ہوں۔ شکایات کے اندراج اور ان کے بروقت ازالے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے۔ منتخب نمائندوں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے تاکہ عوام اگلے انتخابات میں اپنی رائے کی بنیاد پر بہتر قیادت کا انتخاب کرسکیں۔
اس طرح ووٹ کی اہمیت بھی بڑھے گی اور نمائندگی محض سیاسی عہدہ بننے کے بجائے خدمت کی ذمہ داری میں تبدیل ہوجائے گی۔وقت کا تقاضا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں اختیارات اپنے ہاتھوں میں رکھنے کے بجائے عوام تک منتقل کرنے کا حوصلہ پیدا کریں۔ نئے صوبوں کے قیام پر بحث اپنی جگہ لیکن پہلے موجودہ انتظامی ڈھانچے میں عوام کی حقیقی شرکت یقینی بنائی جائے۔ یاد رکھنا چاہیے کہ جمہوریت کی مضبوطی ایوانوں کی وسعت سے نہیں بل کہ عوام کے اختیار سے ہوتی ہے۔ جس دن ایک غریب شہری اپنے ووٹ سے منتخب کیے گئے یونین کونسل کے نمائندے کے ذریعے اپنے علاقے کا مسئلہ حل ہوتا دیکھے گا اسی دن اسے جمہوریت کے ثمرات کا حقیقی احساس ہوگا۔ اصل کامیابی یہی ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں ہونے والے فیصلوں کا فائدہ معاشرے کے آخری فرد تک پہنچے اور کسی محروم شخص کو اپنی بنیادی ضرورت کے لیے دربدر نہ ہونا پڑے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.