برنالہ (آزاد کشمیر) سے ایک دل خراش واقعہ, معصوم بچی سکول جاتے ہوئے ٹریفک حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق

تفصیلات کے مطابق کوٹھے لسے کے رہائشی نعیم بٹ کی ننھی بیٹی صبح اپنے سکول کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ راستے میں ایک ٹریکٹر کے نیچے آ گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے نے علاقے میں کہرام مچا دیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا اور بچی کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔ معصوم بچی کی اچانک موت نے نہ صرف اہل خانہ بلکہ پورے علاقے کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
اہل علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔
مرحومہ کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جہاں فضا سوگوار رہی اور ہر شخص غمزدہ دکھائی دیا۔ والدین پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے اور علاقے کے لوگ ان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کر رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.