آزاد کشمیر: بھمبر میں اندھا قتل کیس حل، مقتول کی بیوی اور آشنا گرفتار

آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے علاقے پوٹھی میں پیش آنے والے اندھے قتل کے افسوسناک واقعے کا معمہ پولیس نے حل کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 12 مارچ کی رات 32 سالہ تنویر حسین اپنے گھر کے برآمدے میں چارپائی پر مردہ حالت میں پائے گئے، جنہیں سر کے پچھلے حصے میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سٹی بھمبر میں درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
ایس ایچ او ارشد محمود نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کرتے ہوئے شواہد اور مشکوک حرکات کی بنیاد پر مقتول کی بیوی کو شاملِ تفتیش کیا۔ دورانِ تفتیش ملزمہ نے اعتراف کیا کہ اس نے گھریلو ناچاقی کے باعث اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے اپنے آشنا عبدالصمد کے فراہم کردہ پستول سے شوہر کو نیند کے دوران قریب سے فائر کر کے قتل کیا، اور بعد ازاں آلہ قتل قریبی کنویں میں پھینک دیا، جسے بعد میں برآمد کر لیا گیا۔
ملزمہ کی نشاندہی پر اس کے آشنا عبدالصمد (ساکن پوٹھی میرا) کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جس نے واردات کی منصوبہ بندی، اسلحہ فراہم کرنے اور استعمال کی تربیت دینے کا اعتراف کیا۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.