کلر سیداں غیر قانونی منڈی قائم کر کے بھتہ وصولی، 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ کلر سیداں پولیس نے غیر قانونی منڈی قائم کر کے تاجروں اور ریڑھی بانوں سے پرچی کے نام پر مبینہ بھتہ وصول کرنے کے الزام میں 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ڈی ایف سی تھانہ کلر سیداں کامران یعقوب نے رپورٹ درج کروائی کہ وہ امن و امان اور انسداد جرائم کی ڈیوٹی کے سلسلے میں شہر میں موجود تھے کہ اطلاع ملی کہ الفلاح بینک کے بالمقابل خالی جگہ پر ابراہیم خان، اسماعیل خان اور ان کے 7/8 ساتھیوں نے غیر منظور شدہ منڈی قائم کر رکھی ہے،

جہاں ہر پیر کے روز دکانداروں، ٹھیلے والوں اور گاڑیاں کھڑی کرنے والوں سے پرچی کے نام پر رقم وصول کی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ افراد کے پاس نہ تو کسی سرکاری اتھارٹی کی اجازت ہے اور نہ ہی منڈی کے قیام یا پرچی وصولی کا کوئی ٹھیکہ حاصل ہے۔ پرچی نہ دینے والوں کو مبینہ طور پر جان سے مارنے اور مالی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دے کر زبردستی رقم لی جاتی رہی، جس کی مختلف ذرائع سے تصدیق بھی ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کلر سیداں نے بھی تحریری طور پر واضح کیا ہے کہ متعلقہ زمین نجی ملکیت ہے اور اس پر کسی قسم کی منڈی یا وصولی کے لیے ادارے کی جانب سے کوئی اجازت یا ٹھیکہ جاری نہیں کیا گیا۔تھانہ کلر سیداں پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.