وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خصوصی رمضان نگہبان پیکج کے تحت مستحق افراد میں امدادی کارڈز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر صدر راولپنڈی حاکم خان کی زیرِ نگرانی یونین کونسل کی سطح پرڈور ٹو ڈور کارڈز کی فراہمی کا عمل شروع کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تقسیم کا عمل شفاف اور منظم انداز میں جاری ہے، جس میں یونین کونسلز کے سیکرٹری صاحبان، پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری کے نمائندگان، لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور پٹواری صاحبان شریک ہیں۔ متعلقہ عملہ مستحق خاندانوں کے گھروں تک جا کر کارڈز فراہم کر رہا ہے تاکہ حقیقی حقداروں کو بروقت ریلیف پہنچایا جا سکے۔
گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر صدر خود بھی فیلڈ میں موجود رہے اور تقسیم کے عمل کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ انہوں نے موقع پر موجود عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شفافیت، نظم و ضبط اور مستحقین کی عزتِ نفس کا ہر صورت خیال رکھا جائے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان نگہبان پیکج کے تحت فراہم کیے جانے والے کارڈز کے ذریعے مستحق افراد کو بنیادی اشیائے خورونوش کی فراہمی میں سہولت میسر آئے گی اور حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ عمل مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔