(پنڈی پوسٹ نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عدالتی نظام میں نمایاں تبدیلیاں متعارف کرا دی گئی ہیں، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت کو مکمل ای کورٹ اور پیپر لیس کردیا گیا ہے۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت میں عدالتی امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا، جبکہ کمرہ عدالت میں سکرینیں نصب کرکے ڈیجیٹل سماعتوں کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
ہای کورٹ میں کیس مینجمنٹ، آن لائن سماعت اور ڈیجیٹل ریکارڈ کا استعمال کیا جائے گا، جدید نظام کے تحت عدالتی کارروائی کو زیادہ منظم اور کاغذی ریکارڈ پر انحصار کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ڈیجیٹل اور ای کورٹ سماعتوں کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد منظور ججہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد منظور ججہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مقدمات کی کارروائی کو مزید شفاف اور تیز بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وکلا اور سائلین کو عدالتی معلومات تک آن لائن رسائی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔وکلاء کا کہنا ہے کہ عدالتی نظام میں ٹیکنالوجی کا فروغ انصاف کی فراہمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔