راضی نامہ طے پا گیا، قتل کیس میں نامزد تین ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی توثیق

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کی مقامی عدالت نے فریقین کے مابین راضی نامہ طے پانے کے بعد قتل کے مقدمے میں نامزد تین ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کر دی ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلر سیداں جہانگیر علی گوندل نے مقدمے کی سماعت کے دوران ملزمان ارشد محمود، عامر محمود اور طاہر محمود کی عبوری ضمانتیں برقرار رکھنے کا حکم جاری کیا۔

عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ مدعی اور ملزمان کے درمیان باہمی صلح ہو چکی ہے، جس کے بعد مزید قانونی کارروائی کی نوعیت تبدیل ہو گئی ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے اکتوبر 2025 میں تقریباً 20 نامعلوم افراد کے ہمراہ نئی آبادی چوآ خالصہ میں محمد دلاور نامی معمر شہری پر ڈنڈوں اور کلہاڑیوں سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی محمد دلاور کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دل کا دورہ پڑنے سے جانبر نہ ہو سکے۔

ملزمان نے گرفتاری کے خدشے کے پیشِ نظر عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔ دورانِ سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ فریقین کے مابین راضی نامہ طے پا چکا ہے، جس پر عدالت نے قانونی تقاضے پورے ہونے کی صورت میں عبوری ضمانتوں کی توثیق کا حکم جاری کیا۔اس حوالے سے ایچ آئی یو کلر سیداں کے انچارج سب انسپکٹر طاہر مسعود نے بتایا کہ مقدمے کا چالان مکمل کر لیا گیا ہے اور معزز عدالت کی ہدایت کے مطابق آئندہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔