راولپنڈی (چوہدری ہارون اشتیاق،نمائندہ پنڈی پوسٹ) — تھانہ روات کی حدود میں ریڈ کو کے نزدیکی آبادی میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 40 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت الفت کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے اعتبار سے سوزوکی ڈرائیور تھا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق صبح کے وقت گھر سے فائرنگ کی آواز سنائی دی جس پر اہل علاقہ موقع پر پہنچے تو مقتول الفت کو خون میں لت پت حالت میں چارپائی پر مردہ پایا گیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ روات پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ جائے وقوعہ کو سیل کر کے فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ گھر کے اندر پیش آیا اور امکان ہے کہ مقتول کو قریب سے نشانہ بنایا گیا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے یا ڈکیتی یا دشمنی کا۔
تھانہ روات پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان تک پہنچنے کے لیے شواہد اور اہل علاقہ کے بیانات پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔