اٹک (نمائندہ پنڈی پوسٹ) علاقہ نلہ اور گرد و نواح کے عوام کے لیے خوشخبری ، کوٹ صلابت میں نندنا پل پر تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس منصوبے کے آغاز پر اہلِ علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کرکے اپنے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا ، یہ منصوبہ مرکزی رہنما مسلم لیگ (ن) و ایم این اے ملک سہیل خان کمڑیال اور چیئرمین ہیلتھ کمیٹی پی پی 2 سابق ایم پی اے سردار افتخار احمد خان المعروف مٹھو خان کے خصوصی فنڈز سے شروع کیا گیا ہے، جبکہ چیئرمین سردار مختار احمد خان نے اہلِ علاقہ کی موجودگی میں منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا ، افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سردار مختار احمد خان کا کہنا تھا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل اولین ترجیح ہے اورعلاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔ مقامی افراد کے مطابق پل کی تعمیرعلاقے کا دیرینہ مطالبہ تھا، جس کی تکمیل سے آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی اور لوگوں کو سفری مشکلات سے نجات ملے گی ، اہلِ علاقہ کوٹ صلابت اور کوٹ زیندی کے عوام نے منصوبے کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایم این اے ملک سہیل خان کمڑیال اور سردار افتخار احمد خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ جلد مکمل کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا تاکہ لوگ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔