قدیم نظریہ انتظام

وہ انقلابی نظریہ جس نے کام کرنے کا انداز بدل دیا (1880–1930) کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آج کی جدید تنظیمیں اتنی منظم اور مؤثر کیسے ہیں؟ ایک وقت تھا جب فیکٹریوں میں ہزاروں لوگ کام تو کرتے تھے، مگر نہ کوئی واضح نظام تھا اور نہ ہی درست منصوبہ بندی۔ اسی الجھن نے ایک ایسے نظریے کو جنم دیا جس نے دنیا بھر میں کام کرنے کا طریقہ بدل دیا، اور وہ تھا کلاسیکل اسکول آف مینجمنٹ۔

انیسویں صدی کے آخری دور میں جب صنعتی انقلاب اپنے عروج پر تھا، مشینیں تیزی سے چل رہی تھیں اور پیداوار بڑھ رہی تھی، تب ایک اہم سوال سامنے آیا کہ کیا کام کو اس انداز میں ترتیب دیا جا سکتا ہے کہ کم وقت اور کم وسائل میں زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے؟ اسی سوچ نے کلاسیکل مینجمنٹ کے نظریے کو جنم دیا، جس کا بنیادی مقصد کام کو سائنسی اصولوں اور منظم طریقوں کے تحت انجام دینا تھا تاکہ کارکردگی میں اضافہ ہو سکے۔

اس نظریے کو آگے بڑھانے میں فریڈرک ونسلو ٹیلر کا کردار بہت اہم تھا، جنہیں سائنسی مینجمنٹ کا بانی کہا جاتا ہے۔ ٹیلر کا ماننا تھا کہ زیادہ تر کام روایتی اندازوں پر کیے جاتے ہیں جس سے وقت اور وسائل ضائع ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ تصور پیش کیا کہ ہر کام کا باقاعدہ تجزیہ کیا جائے اور سائنسی طریقوں کے ذریعے اس کا سب سے بہتر طریقہ تلاش کیا جائے۔ اس طریقہ کار سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوا بلکہ کام کرنے کے انداز میں بھی بہتری آئی۔

اسی دور میں ہنری فیول نے مینجمنٹ کے انتظامی پہلوؤں کو واضح کیا اور بتایا کہ کامیاب تنظیم کے لیے صرف محنت کافی نہیں بلکہ مؤثر منصوبہ بندی، تنظیم سازی، قیادت اور کنٹرول بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے مینجمنٹ کے (چودہ )اصول پیش کیے جن کا مقصد اداروں میں نظم و ضبط اور بہتر قیادت کو فروغ دینا تھا۔ ان کے نظریات نے یہ ثابت کیا کہ ایک مضبوط نظام ہی کسی ادارے کی کامیابی کی بنیاد بنتا ہے۔

میکس ویبرنے بھی کلاسیکل اسکول میں اہم کردار ادا کیا اور بیوروکریسی کا نظریہ پیش کیا۔ ان کے مطابق کسی بھی ادارے کو مؤثر بنانے کے لیے واضح قوانین، درجہ بندی اور غیر جانبدارانہ فیصلے ضروری ہیں۔ جب ہر فرد اپنی ذمہ داری کو سمجھتا ہے اور فیصلے اصولوں کے تحت کیے جاتے ہیں تو اداروں میں شفافیت اور انصاف پیدا ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی بڑی تنظیموں میں ویبر کے اصولوں کی جھلک نظر آتی ہے۔

اگرچہ کلاسیکل اسکول آف مینجمنٹ میں انسانی جذبات اور سماجی پہلوؤں کو زیادہ اہمیت نہیں دی گئی، لیکن اس کے باوجود اس نظریے نے جدید مینجمنٹ کی مضبوط بنیاد رکھ دی۔ آج بھی دنیا کی کامیاب تنظیمیں انہی اصولوں پر عمل کر رہی ہیں، چاہے ٹیکنالوجی کتنی ہی ترقی کیوں نہ کر چکی ہو۔

آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ کلاسیکل اسکول آف مینجمنٹ صرف ایک نظریہ نہیں بلکہ ایک ایسا وژن ہے جس نے کام کرنے کے انداز کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔ آج بھی مؤثر مینجمنٹ کا راز انہی اصولوں میں پوشیدہ ہے جو صدیوں پہلے متعارف کروائے گئے تھے.