
چند برس پہلے تک مصنوعی ذہانت، یعنی اے آئی ، ایک پیچیدہ سائنسی تصور سمجھا جاتا تھا لیکن آج یہ ہمارے موبائل فون، سرچ انجن، تعلیمی پلیٹ فارمز، کاروباری اداروں اور دفتری نظام کا حصہ بن چکی ہے۔ اب سوال یہ نہیں رہا کہ اے آئی ہماری زندگی میں آئے گی یا نہیں بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اے آئی کی دنیا کیلئے کب اور کیسے تیار کریں؟ 2026 میں پاکستان میں یہ سوال محض بحث نہیں رہا بلکہ پالیسی اور تعلیمی منصوبہ بندی کا حصہ بن چکا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے رواں سال وفاقی اسکولوں میں اے آئی کا نصاب متعارف کرانے، نوجوانوں کو اے آئی کی تربیت دینے اور ملک میں اس کی تعلیم و مہارت کو فروغ دینے کے بڑے اہداف کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی منصوبوں میں 2030تک ایک ہزار مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپس اور دس لاکھ غیر آئی ٹی افراد کو اے آئی کی تربیت دینے کا ہدف بھی شامل ہے۔
یہ صورتحال ہمارے لیے ایک واضح پیغام رکھتی ہے: اسکول اب صرف کتابیں پڑھانے کی جگہ نہیں رہے،انہیں مستقبل کی مہارتیں پیدا کرنے والے مراکز بننا ہوگا۔ کیا اے آئی کو اسکول میں الگ مضمون بنا دینا کافی ہوگا؟ایسا ہرگز نہیں۔ اسے تعلیم کے پورے نظام کا حصہ بنانا ہوگا۔ بچوں کو یہ ضرور بتایا جائے کہ مصنوعی ذہانت کیا ہے، یہ کیسے کام کرتی ہے، اس کے فوائد اور خطرات کیا ہیں اس کے ساتھ یہ بھی سکھایا جائے کہ اسے مختلف مضامین اور حقیقی زندگی کے مسائل کے حل کیلئے کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایک چھوٹے بچے کو بتایا جا سکتا ہے کہ اے آئی ایسی ٹیکنالوجی ہے جو معلومات کو سمجھنے، نمونوں کو پہچاننے، سوالات کے جواب دینے اور مختلف کاموں میں انسان کی مدد کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اسی بچے سے پوچھا جا سکتا ہے: ”تمہارے گھر یا اسکول میں اے آئی کہاں استعمال ہو رہی ہے؟” یہ سوال ہی اس کے ذہن میں تحقیق کا آغاز کر سکتا ہے۔ ابتدائی جماعتوں میں اے آئی کی تعلیم کا مقصد پروگرامر بنانا نہیں ہونا چاہیے۔ بچوں کو مشاہدہ، تخلیقی سوچ، سوال کرنے اور ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کی تربیت دی جائے۔ مڈل کلاسز میں طلبہ کو اے آئی ٹولز، موثر سوال یا پرامپٹ لکھنے، معلومات کی تصدیق، ڈیجیٹل پرائیویسی اور اے آئی اخلاقیات سے روشناس کرایا جا سکتا ہے۔ بڑی جماعتوں میں پروگرامنگ، الگورتھم، ڈیٹا، مشین لرننگ اور عملی اے آئی منصوبوں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ یونیسکو کے طلبہ کے لیے اے آئی قابلیت کے فریم ورک میں بھی انسان مرکز سوچ، اے آئی اخلاقیات، اے آئی کی تکنیکی سمجھ اور اے آئی نظام کی تخلیق کو بنیادی قابلیتوں میں شامل کیا گیا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ مستقبل کے طالب علم کو صرف اے آئی استعمال کرنا نہیں بلکہ اسے سمجھنا اور اس کے ذمہ دارانہ استعمال کے اصول بھی جاننا ہوں گے۔ ”اے آئی سے جواب حاصل کرو، لیکن اس جواب پر فوراً یقین مت کرو۔” مثلاً طالب علم اے آئی سے پاکستان کے کسی تاریخی واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کرے، پھر اپنی کتاب، استاد یا معتبر ذرائع سے ان معلومات کی تصدیق کرے۔ اس ایک سرگرمی سے بچے کو تین اہم باتیں سیکھنے کو ملیں گی: تحقیق، تنقیدی سوچ اور معلومات کی تصدیق۔ اسی طرح انگریزی کی کلاس میں اے آئی کو زبان کی مشق کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ریاضی میں سوال کو مختلف طریقوں سے سمجھنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ کمپیوٹر سائنس میں بچے سادہ پروگرام، چیٹ بوٹ یا چھوٹے اے آئی منصوبے تیار کر سکتے ہیں۔ لیکن ایک خطرہ بھی ہے۔ اگر ہم نے بچوں کو اے آئی صرف اس لیے دے دی کہ وہ اپنا ہوم ورک چند سیکنڈ میں مکمل کر لیں، تو ہم نے ٹیکنالوجی کو تعلیم کے بجائے نقل کا ذریعہ بنا دیا۔یہاں استاد کا کردار سب سے اہم ہو جاتا ہے۔ اے آئی استاد کو ختم نہیں کرے گی؛ بلکہ ایک اچھا استاد اے آئی کو اپنے لیے ایک ذہین معاون بنا سکتا ہے۔ لیکن بچے کی شخصیت، جذبات، اخلاقی تربیت اور حقیقی ضرورت کو سمجھنے کا کام آج بھی استاد ہی بہتر انداز میں انجام دے سکتا ہے۔
پاکستان میں 2026 کے دوران پنجاب سمیت مختلف سطحوں پر تعلیم میں اے آئی کے استعمال کو فروغ دینے کے اقدامات بھی سامنے آئے ہیں۔ہمارے اسکولوں میں ایسے اساتذہ کی ضرورت ہوگی جو اے آئی سے خوف زدہ نہ ہوں بلکہ اسے سمجھیں۔ ایسے کلاس رومز کی ضرورت ہوگی جہاں بچے سوال پوچھ سکیں، تجربات کر سکیں، غلطی کر سکیں اور دوبارہ سیکھ سکیں۔تاہم اے آئی کے استعمال کے ساتھ اخلاقیات، رازداری اور انسانی ذمہ داری کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ بچوں کو بتایا جانا چاہیے کہ کسی کی ذاتی معلومات، تصویر یا حساس مواد بغیر اجازت اے آئی ٹولز میں استعمال نہیں کرنا چاہیے۔پاکستان کے لیے اے آئی ایک بڑا موقع ہے۔
اگر ہمارے اسکول آج سے بچوں میں اے آئی لٹریسی، تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، مسئلہ حل کرنے کی مہارت، تحقیق، اخلاقیات اور ڈیجیٹل ذمہ داری پیدا کرنا شروع کر دیں تو یہی بچے آنے والے برسوں میں ملک کے تعلیمی، معاشی اور سائنسی منظرنامے کو بدل سکتے ہیں۔