بیول ۔ستھرا پنجاب ٹیم یوسی بیول تجھے سلام

ایک اچھا انسان بہت قیمتی ہوتا ہے خواہ وہ اپنا ہو یا پرایا ہو وہ جہاں بھی ہوگا اس کے وجود کی خوشبو اردگرد کی فضاؤں کو معطر رکھتی ہے ۔جاذبیت کے ہزار پہلو ہوتے ہیں حسن کی جاذبیت سے کون انکار کرسکتا ہے سب ہی اس کے اسیر نظر آتے ہیں کہتے ہیں کہ حسن تو دیکھنے والے کی نظر میں ہوتا ہے یہ بات کسی حد تک درست بھی ہے کہ آج تک حسن کی کوئی مکمل تعریف سامنے نہیں آسکی ہزار لوگ ہوں گے لیکن رائے سب کی اپنی اپنی ہوگی کیا صرف ظاہری رنگ وروپ اور متناسب خدوخال کو حسن کہا جاسکتا ہے یہ بھی درست نہیں میرے خیال میں ظاہری رنگ وروب اور خدوخال سے ہٹ کر بھی ایک چہرا ہوتا ہے

اس چہرے کی تشکیل ہمارا کرداد کرتاہے نرمی ۔نیکی ۔درد مندی ۔ایمانداری۔قناعت ۔صبر وشکر اور اس سے بڑھ کر اپنے فرض سے محبت یہ وہ صفات ہیں جو انسان کو خوبصورت بناتی ہیں ۔انہیں سے ہمارا کردار تشکیل پاتا ہے میری آج کی تحریر ایسے کرداروں بارے ہے جو میرے نزدیک بہت ہی حسین اور بہت ہی خوبصورت ہیں جو اپنے فرض کی بجاآوری اپنی لگن ۔محنت اور مخلصی کے ساتھ کرتے نظر آتے ہیں ۔پانچ انگلیاں کسی بھی سماج میں برابر نہیں ہوتیں۔۔اسی طرح کسی بھی معاشرے کے لوگ ایک جیسی طبیعت کے مالک نہیں ہوتے ۔

ایک ایسے دور میں جب سرکاری ملازمین کی اکثریت تنخواہ کے علاوہ رشوت اور لوٹ مار اور ڈیوٹی سے فرار کی عادی ہو اس معاشرے میں بے روز گاری کے ہاتھوں مجبور پڑھے لکھے نوجوان چند ہزار تنخواہ کے عیوض بطور سنیٹری ورکرز گلیوں محلوں اور بازاروں میں صفائی کا کام اس خوبصورتی سے کرتے نظر آئیں کہ ان پر رشک آئے پنجاب حکومت کی جانب سے ستھرا پنجاب پروجیکٹ کے تحت یوسی بیول میں کل 21 افراد تعینات ہیں جن میں ڈرائیور حضرات اور سپروائزر بھی شامل ہیں میں نے ان لوگوں کو بہت قریب سے دیکھا یہ نوجوان مجھے پڑھے لکھے اور نہایت سلجھے ہوئے نظر آئے ۔

ان کے کام کرنے کا انداز ان کی اپنے فرائض سے لگن اور مخلصی کو عیاں کرتا ہے ۔نہایت اچھے طریقے سے صفائی ستھرائی ان کی فرض شناسی کا ثبوت ہے ۔میرے نزدیک یہ 21 لوگ بہت ہی خوبصورت ہیں۔۔ کردار کے خوبصورت ۔دل کے خوبصورت ۔کیونکہ یہ لوگ اپنی محنت سے ماحول کو خوبصورت بنا رہے ہیں ۔کچھ لوگ انہیں محض سنٹری ورکرز سمجھتے ہیں لیکن حقیقتاً یہ لوگ سماج کے لیے مسیحا ہیں ۔ایک ایسے دور میں جب ڈیوٹی چوری معمول نظر آتا ہو ایسے میں ان لوگوں کا پوری ایمانداری سے کام کرنا اور جی جان سے کام کرنا لائق تحسین ہے ۔ہمیں معاشرے کے ایسے کرداروں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے یہ بہت عظیم لوگ ہیں۔

ان کی محنت اور ایماندارانہ ڈیوٹی کی تعریف و توصیف کے ساتھ ساتھ ہمیں بحثیت ایک ذمہ دارشہری اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہم اپنی دوکان وگھر کا جمع شدہ کوڑا باہر ڈھیر کی صورت پھیکنے کے بجائے شاپرز میں ڈال کر کوڑے کے ڈرم میں ڈالیں اور اگر کہیں یی ڈرم موجود نہ ہو تو اس شاپر کو اس مخصوص جگہ رکھیں جہاں سے ان ورکرز کو اُٹھانے میں آسانی ہو ۔اپنی سہولت کے لیے جگہ جگہ گندگی پھیکنے سے ان ورکرز کے لیے بھی مشکلات بڑھتی ہیں اور ماحول بھی زیادہ الودہ ہوتا ہے ۔میں بحیثت شہری بحثت لکھاری ستھرا پنجاب یوسی بیول کے ان خوبصورت کرداروں کو خراج تحسین کرتا ہوں ۔۔۔سلام ستھرا پنجاب ورکرز یوسی بیول۔۔