بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کے بیٹوں سے بات کرانے کی دو بار کوشش کی، بیرسٹر عقیل ملک

(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کے بیٹوں سے بات کرانے کی دو بار کوشش کی گئی، تاہم یا تو کنکشن کا مسئلہ درپیش آیا یا ان کے بیٹے والد سے بات نہیں کرنا چاہتے۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ عمران خان کی بہنوں سے ملاقاتیں بھی کرائی جا چکی ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر اداروں اور ان کے سربراہان کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو انہیں روکا بھی جا سکتا ہے۔

وزیر مملکت برائے قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اگلی سماعت سے قبل عمران خان سے ملاقات ہوسکتی ہے، تاہم آج ان سے ملاقات کرنے والے افراد کو وارننگ دی گئی ہے کہ انہوں نے سیاسی پروپیگنڈا کرکے عدالت میں دی گئی انڈرٹیکنگ کی خلاف ورزی کی ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ عمران خان کی ان کے بیٹوں سے بات کرانے کی دو کوششیں کی گئیں، لیکن یا تو کنکشن کا مسئلہ پیش آیا یا ان کے بیٹے والد سے بات نہیں کرنا چاہتے۔ ان کے پاس مؤثر پاکستانی شناختی کارڈز موجود ہیں، اس کے باوجود ویزے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے۔