اٹک (شہزاد حسین بھٹی سے) گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک میں حکومت پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت کے مطابق 12 جون سے مفت ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ کی کلاسز کا آغاز ہو چکا ہے اور موسم گرما کی تعطیلات کے دوران گورنمنٹ کالج اٹک کے اعلی تعلیم یافتہ ، تجربہ کار اور انتہائی قابل اساتذہ / پروفیسرز کی نگرانی میں علاقہ بھر کے میڈیکل اور انجینئرنگ کے طلبہ و طالبات حکومت پنجاب کے ان مفت کورسز کی پیشکش سے مستفید ہو رہے ہیں ۔ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک ، اس سال بھی اب تک اول نمبر پر ہے جہاں راولپنڈی ڈویژن کے کالجوں کے مقابلے میں ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ مفت کورسز کرنے والے طلبہ و طالبات کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہ مفت کورسز کرنے والے طلبہ و طالبات کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔اس امر پر حکام بالا نے کالج پرنسپل ڈاکٹر سید محمد عمران اور اساتذہ کی خصوصی دلچسپی کی تعریف کی اور کوششوں کو سراہا ہے ۔
گزشتہ سال 2024ء میں بھی حکومت پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک نے ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ کے خواہشمند طلبہ و طالبات کو پرائیویٹ اداروں کے مہنگے ترین کورسز کے مقابلے میں مفت کورسز آفر کیے تھے جن میں راولپنڈی ڈویژن کے دیگر کالجوں کے مقابلے میں گورنمنٹ کالج اٹک سے سب سے زیادہ 130 طلبہ و طالبات نے ان کورسز کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا اور شاندار نتائج حاصل کر کے مہنگے پرائیویٹ اداروں کے مقابلے میں سبقت حاصل کی ۔ خوش قسمتی سے ہمارے ان طلبہ و طالبات نے انٹری ٹیسٹ میں 81 فیصد نمبرز سے لے کر 95 فیصد نمبرز حاصل کر کے جہاں انجینئرنگ اور میڈیکل کالجوں میں داخلہ حاصل کیا وہاں گورنمنٹ کالج اٹک کا نام بھی روشن کیا ۔
اس شاندار کامیابی پر تعلیمی حلقوں اور والدین نے تاریخی گورنمنٹ کالج اٹک کی کاوش کو خوب سراہا اور پرنسپل سمیت تمام اساتذہ کو خصوصی مبارکباد سے بھی نوازا ۔اس سال 2025 میں بھی علاقہ کے لوگ اور طلبہ و طالبات حکومت پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اس مفت ایم ڈی کیٹ / ای کیٹ کورسز کی پیشکش اور گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک کی اس کاوش پر کالج پرنسپل ڈاکٹر سید محمد عمران اور ان کے اساتذہ کی ٹیم کے شکر گزار ہیں ۔