کامران بخاری
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے میر پور
آزادجموں و کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر ضلع کچہری میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات
کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی پلان ترتیب دینے کے حوالے سے اجلاس ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ عمران شاہین کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینئر سول جج راجہ شمریز خان ، ایس پی چوہدری منشی خان ، ایکسین بلڈنگ چوہدری انعام الحق ، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن شبیر شریف ایڈووکیٹ ، کشمیر پریس کلب کے جنرل سیکرٹری سجاد جرال ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہری دفاع راجہ اشتیاق احمد خان نے شرکت کی ۔اجلاس میں چیف جسٹس آزادکشمیر کی ہدایات پر ضلع کچہری کے احاطہ میں سیکورٹی پلان کے سلسلہ میں کئی اہم فیصلہ جات ہوئے ۔ ضلع کچہری کے داخلی راستوں سے پیدل افراد کی چیکنگ کے موثر انتظامات کیے جائیں گے جبکہ احاطہ کچہری میں وکلاء اور سرکاری گاڑیوں کے علاوہ دیگر گاڑیوں کے داخلہ پر مکمل پابندی ہو گی ۔ وکلا کی گاڑیوں کے لیے خصوصی سٹیکر جاری کیے جائیں گے اس طرح پرائیویٹ گاڑیوں کی چیکنگ کے بعد انھیں ڈی سی گارڈن پارکنک ایریا میں پارک کرنے کی اجازات ہو گی ۔ جبکہ احاطہ کچہری میں پولیس فورس کی نفری کو مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ پولیس کمانڈو کو بھی چوکس رکھا گیا ہے ۔پولیس کی نفری کی ڈیوٹی کی پڑتال کے لیے ایک انسپکٹر ہمہ وقت نگرانی کریں گے ۔اجلاس میں ضلع کچہری میں CCTV کیمرہ جات ، واک تھرو گیٹ کی تنصیب ، سرچ اینڈ سویپ سمیت دیگر سیکورٹی کے حوالے سے اہم فیصلہ جات کیے گے اجلاس میں ایکسین تعمیرات عامہ بلڈنگ ڈویژن چوہدری انعام الحق نے بتایا کہ ضلع کچری کے چاروں اطراف حفاظتی دیوار کو اونچا کرنے سمیت کچہری کے ملحقہ نالہ کو پختہ اور دیوار کی تعمیر کے لیے 40 لاکھ روپے کی مالیت سے پی سی ون تیار کیا گیا ہے جس کی تکمیل کے بعد ضلع کچہری مکمل سیکور ہو جائے گی ۔ اجلاس میں جوڈیشل آفسز میں مامور پولیس کے ملازمین کی نفری کو مستقل طور پر ڈیوٹی دینے کے حوالے سے بھی فیصلہ جات کیے گے جبکہ سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ ، سیشن کورٹ سمیت دیگر عدالتوں کے جج صاحبان کی رہائش گاؤں پر مامور پولیس گارڈ کو بھی سیکورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی دی گئیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کچہری میں داخلہ گیٹ پرچیکنگ کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ شہری دفاع کابھی عملہ ہو گا ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار شبیر شریف ایڈووکیٹ نے ڈسٹرکٹ بار کی طرف سے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ سیکورٹی کے سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔
وزیر اعظم آزادکشمیرکا پی وائی او ساجد بزمی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے میر پور
وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما و سابق چیئر مین پی وائی او ساجد بزمی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساجد بزمی کی پارٹی کے لیے بڑی خدمات تھیں ۔ انھوں نے ہمیشہ پارٹی ڈیسپلن کی پابندی کی اور پیپلز پارٹی کے نظریہ اور سوچ کے فروغ کے لیے کام کیا ۔ ساجد بزمی کانام ہمیشہ یادرکھا جائے گا ۔ پارٹی قیادت ان کی خدمات پر انھیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ پارٹی کا عظیم اثاثہ تھے آج ان کی رحلت سے پارٹی ایک مخلص جانثار ساتھی سے محروم ہو گی ہے انھوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی خدمات کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔
عامر ذیشان جرال اور چوہدری محمد رشید کا ساجد بزمی کے انتقال پر افسوس کا اظہار
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے میر پور
وزیر اعظم آزادکشمیر کے پولٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال اور ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمد رشید نے پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما و سابق چیئر مین پی وائی او ساجد بزمی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔
ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے میر پور
مہتمم شاہر ات ضلع میرپور محمود ممتاز راٹھورنے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے ،وفاقی حکومت کے تعاون سے میرپور سے کوٹلی اور بھمبر روڈزکی جدید تقاضوں کے مطابق رواں سال میں بنایا جائے گا ، وزیر اعظم آزادکشمیر کی ہدایت کے مطابق عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پرنائب مہتمم چوہدری وقار احمد بھی موجود تھے ،مہتمم شاہرات محمود ممتاز راٹھور نے کہا کہ رواں مالی سال کے اندر میرپور ضلع میں 101 کلومیٹر سڑکات کی ری کنڈیشنگ، نیو انڈسٹری ایریا کے183 ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر پل کی تکمیل،چلا یار نالہ ڈڈیال میں 2 کروڑ 89 لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر پل کی تکمیل ، فیز فائیو اور سکس میں ہر حلقہ انتخاب کے اندر15 کلو میٹر سڑکات کی ری کنڈیشنگ کی جائے گی جبکہ 32 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر میرپور خالق آباد ڈیول کیرج وے کی تکمیل کیلئے حکومت نے بقیہ 8 کروڑروپے بروقت فراہم کیے تو اسے بھی رواں مالی سال میں مکمل کرلیاجائے گا، انہوں نے کہا کہ 35 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈدیال بائی پاس کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ترقیاتی کام کے مطلوبہ معیار کو بھی ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ فیز 7 میں ضلع میرپورکے اندر ہر حلقہ میں25 کلو میٹر سڑک کے ٹینڈر پراسس میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، مہتمم محمود ممتاز راٹھور نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی خصوصی دلچسپی اور کاوش سے میرپور سے کوٹلی 100 کلو میٹر سڑک ، میرپور سے بھمبر30 کلو میٹر سڑک اور ڈدیال تا چھوچھ 19 کلو میٹر سڑک کی جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر و کشادگی حکومت پاکستان کے تعاون سے عمل میں لائی جا رہی ہے جس کی وفاقی حکومت سے منظوری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور ان تینوں سڑکات کا سروے کشمیر آفیئرز سے انجینئرز کی خصوصی ٹیم بھی کر گئی ہے امید ہے کہ رواں سال میں ہی ان سڑکات پر ترقیاتی کام شروع ہو جائے گا اور ان تینوں سڑکات پر دو انچ کارپٹنگ کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ اہلیان منگلا اور گرد ونواح کے عوام کو آسان سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے منگلا کے مقام پر9 کروڑ روپے کی لاگت سے 93 میٹرپل بنایاجا رہا ہے جس سے منگلا ہملٹ اور میرپور کے درمیان تین کلو میٹر کی مسافت کم ہو جائے گی ، انہوں نے کہا کہ میرپور ضلع کے اندر ہائی وے پرکاکڑہ ، اسلام گڑھ، چک سواری ،ایسر، خانہ آباد میں تجاوزات مسمارگی سے متاثرہ ہارڈ شولڈر اورنالیاں بنانے کیلئے 34 کروڑ روپے کی سکیم روانہ کی گئی ہے جو منظوری کے آخری مراحل میں ہے جبکہ شدیدبارشوں سے بہنے والی سڑکات کی تعمیر نو کیلئے 10 کر وڑ روپے کی سکیم بھی منظوری کے مراحل میں ہے، انہوں نے کہا کہ 51 کر وڑ روپے کی لاگت سے ساڑھے سولہ کلو میٹرپیر گلی روڈکو 12 فٹ سے کشادہ کرکے 18 فٹ کیا جا رہا ہے جس سے لوگوں کو آسان اور بہترین سفری سہولیات ملیں گی ،ایک سوال کے جواب میں مہتمم شاہرات نے کہا کہ میری اولیں ترجیح ترقیاتی منصوبوں کے اندر مطلوبہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے بروقت تکمیل ہے اس کیلئے تمام سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی اپنے فرائض منصبی نیک نیتی اور فرض شناسی سے ادا کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر کڑی نظر رکھیں۔
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے میر پور
میرپور شہر آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے‘سلطان محمود
میونسپل کارپوریشن میرپور کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری سلطان محمود نے کہا ہے کہ میرپو ر شہر کی ترقی آزادکشمیر کی ترقی ہے میرپور شہر آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے اور اس لحاظ سے میرپور کی تعمیر وترقی اور اس کی خوبصورتی کے لیے اقدام کرنا ہم پر فرض ہے اور ہم پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ میرپور کو صفائی کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام ہو اور میونسپل کارپوریشن اپنی اس ذمہ داری سے غفلت نہیں برتے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن بلاتاخیر اور بلا امتیاز شہریوں کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور ہم بہت جلد میرپور کو ایک مثالی شہر بنائیں گے۔