پٹرولنگ پولیس شاہ خاکی کی کارروائی چوری شدہ گاڑی برآمد، ملزم گرفتار

کلر سیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں چوری شدہ گاڑی برآمد، ملزم گرفتار۔پٹرولنگ چیک پوسٹ شاہ خاکی کے قریب اہم کارروائی کے دوران پٹرولنگ پولیس نے چوری شدہ گاڑی برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی جہانگیر بھٹی کی زیر نگرانی پٹرولنگ عملہ دانگلی، آزاد کشمیر کے قریب معمول کی چیکنگ میں مصروف تھا کہ اس دوران آزاد کشمیر کی جانب سے آنے والی ایک مشکوک سوزوکی بولان گاڑی کو روکا گیا۔گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت محمد عماد سکنہ رموڑ، ضلع کوٹلہ، آزاد کشمیر کے طور پر ہوئی۔ موبائل ایپ کے ذریعے گاڑی کی جانچ پڑتال کرنے پر انکشاف ہوا کہ یہ گاڑی تھانہ مزنگ، لاہور کے ریکارڈ کے مطابق چوری شدہ ہے۔ مذکورہ گاڑی کے بارے میں مزید تصدیق تھانہ مزنگ کے محرر غلام محمود سے کی گئی، جنہوں نے بتایا کہ گاڑی مطلوبہ اور چوری شدہ ہے۔مزید تحقیقات کے دوران مقدمے کے مدعی محمد احسن سے رابطہ کیا گیا، جس پر تصدیق ہوئی کہ یہ گاڑی اس کی ملکیت ہے جو 3 دسمبر 2017 کو چوری ہوئی تھی۔ چوری شدہ گاڑی اور ملزم محمد عماد کو فوری طور پر تھانہ کلر سیداں کے حوالے کر دیا گیا، جہاں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں