پلاسٹک بیگ فری ڈے ماحول دوست طرزِ زندگی کی طرف قدم

کلرسیداں ( یاسر ملک)
تین جولائی پلاسٹک بیگ فری ڈے، ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت۔دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی گزشتہ روز پلاسٹک بیگ فری ڈے منایا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شعور بیدار کرنا اور پلاسٹک بیگز کے استعمال میں کمی لانا ہے۔حالیہ بارشوں کے دوران نالوں میں پلاسٹک بیگز کے باعث پانی کی نکاسی میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگز زمین، پانی اور ہوا کو آلودہ کرنے کا بڑا ذریعہ ہیں۔ ان کا استعمال نہ صرف آبی حیات کے لیے خطرناک ہے بلکہ نکاسی آب کے مسائل اور صحت کے لیے بھی مضر ثابت ہو رہا ہے۔پلاسٹک بیگز جو صرف چند منٹوں کے استعمال کے بعد پھینک دیے جاتے ہیں، زمین پر سینکڑوں سال تک باقی رہتے ہیں۔

یہ نالوں کو بند کرتے ہیں، زمین کو بنجر بناتے ہیں اور آبی حیات کو موت کے منہ میں دھکیلتے ہیں۔ماہرین ِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگز کا متبادل موجود ہے، مگر اس کے لیے عوامی رویے اور حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ کپڑے اور کینوس کے تھیلے نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ معاشی طور پر بھی پائیدار ہیں۔

ملک بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر  پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کریں اور ماحول دوست متبادل اپنائیں۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کئی علاقوں میں پلاسٹک بیگز پر جزوی یا مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم اس پر عملدرآمد کا فقدان تاحال برقرار ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف قانون سازی کافی نہیں، بلکہ اس کے ساتھ عوامی شعور اور رویے میں تبدیلی بھی ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں