مری ایکسپریس وے کجھٹ کے مقام آئی ایس کار میں آتشزدگی کے نتیجہ میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد شدید زخمی۔ریسکیو 1122

کجھٹ مین ایکسپریس وے کے قریب مسافر گاڑی میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ، 13 افراد کو زندہ ریسکیو کر لیا گیا، 10 افراد جاں بحق،

ریسکیو 1122 مری کے کنٹرول روم کو ٹی ڈی سی پی کجھٹ مین ایکسپریس وے کے قریب ایک مسافر گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ ریسکیو ایمبولینس محض ایک منٹ کے اندر جائے حادثہ پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیو موٹر بائیک سروس، تین ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وین اور تین فائر وہیکلز کو بھی فوری طور پر امدادی کارروائیوں کے لیے روانہ کی گئیں.

ابتدائی طور پر قریبی ریسکیو ٹیم نے ہمراہ ایمبولنس میں موجود ڈی سی پی سلنڈرز کی مدد سے آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی تاکہ مسافروں کو بچایا جا سکے اور آگ کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے،

آگ بجھانے کے لیے 17 میل، سنٹرل اسٹیشن (لارنس کالج اسٹیشن) اور مال روڈ سے بھی ایمرجنسی ریسورسز کو فوری روانہ کیا گیا،

زخمی مسافروں کے بیانات کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور نے مبینہ طور پر گاڑی کو جان بوجھ کر سڑک کنارے حفاظتی دیوار ریٹیننگ وال سے ٹکرایا، جس کے بعد وہ گاڑی سے نکل کر موقع سے فرار ہو گیا، تصادم کے نتیجے میں گاڑی سڑک کنارے نالے میں جا گری اور پھنس گئی، گاڑی کا سلائیڈنگ دروازہ اور اگلا دروازہ حفاظتی دیوار کے ساتھ پھنس جانے کے باعث مسافروں کے لیے باہر نکلنا ممکن نہ رہا، جس کے بعد گاڑی میں شدید آگ بھڑک اٹھی،

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کا فرنٹ ونڈ اسکرین اور سائیڈ شیشے توڑ کر 13 مسافروں کو زندہ نکال لیا، زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد 10 زخمی افراد کو پمز ہسپتال اسلام آباد جبکہ 3 زخمیوں کو فاروق ہسپتال منتقل کیا گیا،

آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد گاڑی سے 10 نامعلوم جاں بحق افراد کی نعشیں برآمد کی گئیں جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا،

گاڑی میں لگنے والی آگ قریبی جنگلاتی علاقے تک پھیل گئی جس سے نزدیکی آبادیوں کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا تھا، تاہم ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ، بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پا لیا گیا اور اسے مزید پھیلنے سے روک دیا گیا،

واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ زخمی مسافروں کی جانب سے ڈرائیور کے مبینہ طرزِ عمل اور جائے وقوعہ سے فرار ہونے کے حوالے سے دیے گئے بیانات کی تحقیقات متعلقہ ادارے کر رہے ہیں، واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داران کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا.

آخری اطلاعات کے مطابق ڈی،سی،مری سمیت انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میں افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو پمز ہسپتال اسلام آباد سے آبائی علاقے ملتان کےلئے روانہ کر دیا گیا۔