177

ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہو گی،کمشنر ریونیو

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)کمشنر ان لینڈ ریونیو عباس احمد میر نے واضح کیاہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی 30ستمبر کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی ،چیمبر ممبران کی سہولت کے لیے آر سی سی آئی میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیاجائے گا ،ٹیکس دہندگان ملکی معیشت کے اہم شراکت دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے دورے کے موقع پر کیا۔کمشنر ان لینڈ ریونیو عباس احمد میر نے کہاکہ ایف بی آر کا بنیادی مقصد تاجر برادری کے ساتھ پارٹنر شپ کو مستحکم کرنا ہے اور ان کے تحفظات اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے احسن انداز میں حل کرنا ہے، ایف بی آر کو اس مشکل صورتحال میں کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز کا احساس ہے۔اس موقع پر چیمبر کے نائب صدر عثمان اشرف نے کمشنر ان لینڈ ریونیو کو چیمبر کے جاری اور آئندہ پروگراموں کے بارے میں ایک مختصر سمری پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ پی او ایس سسٹم، ٹیکس نوٹسز، رجسٹریشن اور گوشوارے جمع کرنے کے حوالے سے تاجروں کوکئی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا سے سب سے زیادہ متاثر تاجر طبقہ ہوا ہے۔ تاجروں کو ٹیکسوں میں ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پی او ایس ٹیکس کی شرح کو سنگل ڈیجٹ تک لایا جائے اور نوٹسز کے ذریعے ہراس نہ پھیلایا جائے۔جہاں کوئی مسئلہ ہوتو پی او ایس انسٹالیشن سے پہلے وہاں کی انجمن تاجران کو اعتماد میں لیا جائے ۔گروپ لیڈرسہیل الطاف نے کہا کہ ایف بی آر نئے ٹیکس گزار تلاش کرے۔ ٹیکس پیئرز کو عزت دی جائے۔علاقائی سطح پرٹیکس اہداف نہ دیئے جائیں۔ ٹیکس کے نظام میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے میں اصلاحات لائی جائیں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں