اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے ن لیگ میں شمولیت سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی جھوٹ پر مبنی خبریں پہلے میرے راستے کی رکاوٹ بن سکیں نہ آئندہ کام آ سکیں گی. وفاقی وزیر نے اس حوالے سے اطلاعات کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ زرد صحافت ہے اور اسی کے سدباب کے لیے حکومت پی ایم ڈی اے لا رہی ہے. وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تصدیق شدہ خبر نشر کرنی چاہیے
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے اختلافات کی اطلاعات سراسر جھوٹ اور شرپسند ذہنوں کی اختراع ہیں جسے سختی سے مسترد کرتا ہوں. وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پاکستان تحریک انصاف کے دستور و منشور پر میرا اعتماد غیر متزلزل ہے . جدوجہد کے ہر مرحلے پر اپنے قائد کے ہمراہ اگلی صفوں میں مصروفِ عمل رہا ہوں. وفاقی وزیر برائے ہوا بازی نے کہا کہ کابینہ میں میری موجودگی قیادت کے مجھ پر اعتماد اور وزیراعظم عمران خان کی نگاہ میں میری خدمات کی قدر و منزلت کی علامت ہے. وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری یکسوئی سے تحریک انصاف کے ایجنڈے کے نفاذ کے عمل میں شریک ہوں اور رہوں گا. شرپسند افواہ سازی کے ذریعے کارکنان اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں. وفاقی وزیر نے کہا کہ نہ وہ آ رہا ہے اور نہ میں جا رہا ہوں.
147