کلرسیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص سنہری تاریخ قرار۔میونسپل کمیٹی کلر سیداں میں جشن آزادی کے سلسلے میں شاندار اور رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایم پی اے راجہ صغیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں شبانہ نذیر، چیف آفیسر رفعت عباس پاشا، سابق ایم این اے مسز نثار تنویر شیرازی سمیت معززین شہر، سرکاری افسران، اساتذہ، طلبا و طالبات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس میں شرکا نے قومی ترانہ پڑھا اور مادر وطن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ایم پی اے راجہ صغیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق میں فتح نے آزادی کی خوشیاں دوبالا کر دی ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص ہماری تاریخ کا سنہری باب بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، اور یہ کامیابیاں ہماری سنہری تاریخ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور تحریک آزادی کے رہنماؤں اور کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔سابق ایم این اے مسز نثار تنویر شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور کئی مسائل پر قابو پایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی اصل قدر وہ قومیں جانتی ہیں جو غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوں، کشمیری عوام کئی دہائیوں سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ غزہ و فلسطین میں ظلم و بربریت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کے واقعات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے، جب پاکستان نے ہر لحاظ سے طاقتور ہندوستان کو پیچھے ہٹنے اور جنگ بندی کی اپیل پر مجبور کیا۔ ہماری بہادر مسلح افواج کی اس کامیابی پر دنیا کی بڑی طاقتیں بھی حیران رہ گئیں۔تقریب کے اختتام پر میٹرک کے امتحانات میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا، جس پر شرکا نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر آزادی کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا، جبکہ شرکا نے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا کو گرما دیا۔