48

سماجی شخصیت‘محمد انصار چوہدری

آگاہ اپنی موت سے کوئی بشر نہیں
سامان سو برس کا ہے پل کی خبر نہیں
محمد انصار ولد چوہدری محمد گلزار، 1976 میں راولپنڈی کے موضع رامدیو میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک صاف گو، محنتی اور درد دل رکھنے والے انسان تھے، جنہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ خدمتِ خلق، معاشرتی بہتری اور خاندان کی خوشیوں کے لیے وقف کیا۔ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو ان کا فلاحی جذبہ تھا۔ وہ گاؤں کی فلاحی و رفاعی کمیٹی کے فعال رکن رہے۔ جب بھی گاؤں میں کوئی وفات ہوتی، وہ بلا تامل قبر کھودنے، صفائی ستھرائی اور جنازے کے دیگر انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے۔ مرحوم کے گھر مہمانوں کی خدمت، کھانے پینے کے انتظام اور دیگر ضروری امور میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتے۔انہوں نے کچھ عرصہ سعودی عرب میں ملازمت کی، جہاں اپنی محنت اور دیانتداری سے نہ صرف گھر والوں کی کفالت کی بلکہ اپنی والدہ اور چچی کو عمرے کی سعادت بھی دلائی۔

یہ ان کی دین داری، خدمتِ والدین اور بزرگوں کے احترام کا روشن ثبوت ہے۔محمد انصار کا زرعی زندگی سے بھی گہرا تعلق تھا۔ کھیتی باڑی سے دلچسپی رکھتے اور بھینسوں کی دیکھ بھال اپنے ہاتھوں سے کرتے۔ ان کی محنت میں برکت تھی اور رزقِ حلال پر قناعت ان کے کردار کا نمایاں پہلو تھا۔وہ نہایت سادہ طبع، خوش اخلاق اور بے ریا انسان تھے، جن کا ہر عمل خلوص اور خیر خواہی سے بھرپور ہوتا۔ان کی شخصیت کا ایک اور خوبصورت پہلو لوگوں کے درمیان صلح صفائی کرانا تھا۔ گاؤں میں جب بھی کوئی جھگڑا ہوتا، وہ ثالثی کے لیے آگے بڑھتے۔ ان کی بات میں اثر اور لہجے میں سچائی ہوتی، جس کی وجہ سے لوگ ان کی رائے کو تسلیم کرتے اور کئی دشمنیاں دوستی میں بدل جاتیں۔

”انصار ” عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی مددگار ‘ معاون’ حمایتی اورمدد کرنے والے کے ہیں۔ بھائی انصار اپنے نام کی طرح ہمیشہ غریبوں ‘ یتیموں اور بیواؤں کی مدد کرتیتھے۔ گویا وہ اسم با مسمی تھے۔ مورخہ 12 مئی 2025 کو نمازِ فجر سے کچھ دیر قبل انہیں دل کا دورہ پڑا، اور وہ اس فانی دنیا سے رخصت ہو گئے۔ ان کی وفات نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے گاؤں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ وہ ایسی انمول یادیں چھوڑ گئے ہیں جو مدتوں لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔وہ اپنے پیچھے والد محترم، والدہ محترمہ، تین بھائی، تین بہنیں اور ایک بیوہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ان کی نماز جنازہ 12 مئی 2025 بروز سوموار دن 3 بجے ان کے آبائی گاؤں رامدیو نزد چکری ضلع راولپنڈی میں ادا کی گئی۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، والدین کو صبرِ جمیل دے اور ہم سب کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
انا للہ و انا الیہ راجعون

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں