مری (نمائندہ پنڈی پوسٹ) فوڈ اتھارٹی مری نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مردہ اور بیمار مرغیوں سے بھری ہوئی گاڑی پکڑ لی۔ گاڑی میں 230 کلوگرام سے زائد غیر معیاری اور مضرِ صحت مرغی موجود تھی، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ مرغیاں مختلف ہوٹلوں اور مارکیٹوں میں فروخت کے لیے لے جائی جا رہی تھیں، جنہیں بروقت کارروائی کے ذریعے قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور سے ابتدائی تفتیش بھی کی گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے فوڈ اتھارٹی کی اس بروقت کارروائی کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کو مضرِ صحت خوراک سے محفوظ رکھا جا سکے۔