راولاکوٹ: آزاد کشمیر پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر اخلاقی اور فحش پروگرام کے انعقاد پر نجی شادی ہال کو سیل کر دیا۔ کارروائی مجسٹریٹ کی نگرانی میں پولیس نے انجام دی جس پر شہری حلقوں نے پولیس کے اقدام کو سراہتے ہوئے “ویلڈن اے جے پولیس” کے نعرے لگائے۔
تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ کے ایک نجی شادی ہال میں مبینہ طور پر غیر اخلاقی اور فحش پروگرام منعقد کیا جا رہا تھا جس کی اطلاع ملنے پر انتظامیہ اور پولیس نے فوری چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پروگرام کو بند کروا کر شادی ہال کو سیل کر دیا گیا جبکہ ہال کے منیجر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاشرتی اقدار اور عوامی اخلاقیات کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
شہریوں نے آزاد کشمیر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ معاشرے کو بے راہ روی سے محفوظ رکھا جا سکے