کلرسیداں(پنڈی پوسٹ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں ثنا ارشد تارڑ کی زیرِ صدارت پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن اور اسپیشل ایجوکیشن کے نمائندگان کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز میں طلباء کی رجسٹریشن اور زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران یوتھ گیمز میں طلباء کی بھرپور شمولیت کے لیے تعلیمی اداروں کے کردار، رجسٹریشن کے عمل اور اس سلسلے میں درپیش ممکنہ مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ طلباء کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر ثنا ارشد تارڑ نے متعلقہ نمائندگان کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے یوتھ گیمز کے لیے طلباء کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن اور شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس کا مقصد تعلیمی اداروں اور متعلقہ شعبوں کے درمیان رابطہ کاری کو مؤثر بناتے ہوئے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔