کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات،الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد(پنڈی پوسٹ نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، جس میں وزارت دفاع کے حکام بھی پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران وزارت دفاع کے حکام نے بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے متعلق درخواست وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے، تاہم ابھی تک وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنا ہے، جبکہ دو کنٹونمنٹ بورڈز کی حلقہ بندیاں بھی مکمل کرنا باقی ہیں۔

اس موقع پر وزارت دفاع کے مشیر قانون نے استدعا کی کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کی خاطر جنوری 2027 تک مہلت دی جائے، انہوں نے بتایا کہ انہیں الیکشن کمیشن سے مزید وقت دینے کی درخواست کرنے کی ہدایت ملی ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز نے کمیشن کو یقین دہانی کرائی کہ جنوری 2027 تک کنٹونمنٹ بورڈز کی حلقہ بندیاں مکمل کر لی جائیں گی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت وزارت دفاع کو بھی جواب نہیں دے رہی اور الیکشن کی تاریخ دینے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع بھی نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ جہاں حلقہ بندیاں مکمل ہونا باقی ہیں، ان علاقوں کے علاوہ دیگر مقامات پر بلدیاتی انتخابات کروا لیے جائیں، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوئی منطقی وجہ نظر نہیں آ رہی۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔