اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)مکہ دفاعی معاہدے میں شامل رکن ممالک کا اہم اجلاس رواں ماہ پاکستان میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ابتدائی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں بالخصوص سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کی جانب سے مبینہ حملوں اور ان کے علاقائی سلامتی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک ممالک باہمی دفاعی تعاون، سیکیورٹی روابط کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کریں گے۔پاکستان میں اس اہم سفارتی اجلاس کے انعقاد کو علاقائی تعاون اور دفاعی روابط کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم اجلاس کی حتمی تاریخ، شرکت کرنے والے ممالک اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔