کلرسیداں(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’صحت مند پنجاب‘‘ کے تحت اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں نے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال کلرسیداں میں کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر ڈیسک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔اس ڈیسک کے ذریعے شہریوں کو صحت کے چھ اہم شعبوں میں آگاہی اور رہنمائی فراہم کی جائے گی، جن میں حفاظتی ٹیکہ جات، ماں اور بچے کی صحت، بچوں کی صحت و نشوونما، بزرگوں کی دیکھ بھال، خاندانی منصوبہ بندی اور نوعمر بچوں کی صحت شامل ہیں۔اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنا، بنیادی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا اور شہریوں کو صحت کے مختلف مسائل کے حوالے سے بروقت رہنمائی مہیا کرنا ہے۔
کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر ڈیسک کے قیام سے شہریوں کو صحت کے اہم امور کے بارے میں مستند معلومات تک رسائی حاصل ہوگی، جبکہ حفاظتی تدابیر، بیماریوں سے بچاؤ اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔یہ اقدام صحت عامہ کی بہتری اور عوام کو بنیادی طبی سہولیات سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔