دولتالہ: اینٹی کرپشن راولپنڈی کی کارروائی، یونین کونسل کا سیکرٹری رشوت لیتے ہوئے گرفتار

دولتالہ (سید منور نقوی) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی ریجن نے دولتالہ کے علاقہ پنج گراں میں کارروائی کرتے ہوئے یونین کونسل نمبر 67 پنج گراں کے سیکرٹری کو مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔زرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے ایک کامیاب ٹریپ ریڈ کے ذریعے یونین کونسل کے سیکرٹری منور حسین کو قابو کیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے مبینہ طور پر رشوت کی رقم 20 ہزار روپے بھی برآمد کر لی گئی۔یہ کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ سیکشن 30 تحصیل گوجرخان آفتاب احمد کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 09/26 مورخہ 8 ستمبر 2026 تھانہ اینٹی کرپشن راولپنڈی میں دفعہ 161 تعزیراتِ پاکستان اور 5(2)47 PCA کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔